اسلام آباد: سیکریٹری جنرل مسلم لیگ(ن)احسن اقبال نے کہا ہے کہ تحریکِ عدم اعتماد کے لیئے اپوزیشن کوششیں کررہی ہے،ہوم ورک جاری ہے عدام اعتماد ایک ریفرنڈم ہوگا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستان کو ہٹلر کی ریاست بنانا چاہتے ہیں اس کی اجازت نہیں دیں گے، قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی میں بھی ایک طبقہ موجود ہے جس نے ابھی فیصلہ کرنا ہے، پاکستان کی ریاست نے اس بند گلی سے نکلنا ہے، حکومت ڈیم بنانے کے وعدے کر کے آئی تھی ایک بند نہیں بنا لیکن میڈیا کی آواز بند کرنا چاہتی ہے، پاکستان کے میڈیا نے تمام مصیبتوں کے باوجود اظہارِ رائے کی آزادی پر سمجھوتا نہیں کیا ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
احسن اقبال نے کہا ملک کی سب سے بڑی کابینہ عمران نیازی کی ہے ۔مرکز اور پنجاب میں مزید وزرائ کی بھرتی کی جارہی ہے۔اسکا مطلب ہے آپ رشوت کے طور پر وزارتیں بانٹ رہے ہیں۔12 روپے پیٹرول میں اضافہ عوام کو بڑا جھٹکا ہے ایسے جھٹکوں سے پیداواری صلاحیت متاثر ہوتی ہے ۔ آگے 4 سے 6 ماہ میں اس اضافے کے اثرات عوام تک پہنچیں گے۔عوام سے اپنی آمدن میں گزارا کرنا مشکل ہوجائے گا۔