آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کیلئے قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں دستیاب کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ شروع 

230

لاہور: آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کیلئے قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں دستیاب کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ شروع ہوگیا ہے۔

اسکواڈ میں شامل 7 کھلاڑی اور دو ریزرو کھلاڑیوں نے کیمپ میں شرکت کی، کھلاڑیوں نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں فزیکل ٹریننگ کی۔عرفان اللّٰہ کورونا وائرس مثبت آنے کی وجہ سے کیمپ میں شریک نہیں ہوئے ،زاہد محمود اسلام آباد یونائیٹڈ میں شمولیت کی وجہ سے شرکت نہیں کررہے۔

اس کے علاوہ کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رئوف پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں مصروف ہیں، پی ایس ایل کھیلنے والے کھلاڑی فارغ ہونے پر کیمپ جوائن کرتے جائیں گے۔ٹیسٹ اسکواڈ کے کھلاڑی 23 فروری کو اسلام آباد جائیں گے ،24 سے 26 فروری تک آئسولیشن کریں گے اور پنڈی اسٹیڈیم میں ٹریننگ کا آغاز 27 فروری سے ہو گا۔

خیال رہے کہ 16 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ اور پانچ ریزرو کھلاڑیوں کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔کچھ روز قبل آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کیلئے 18 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کر دیا تھا، ٹیم کی قیادت پیٹ کمنز کریں گے جبکہ اسٹیو اسمتھ نائب کپتان ہوں گے۔گزشتہ دنوں کرکٹ آسٹریلیا نے بورڈ میٹنگ کے بعد دورہ پاکستان کی باضابطہ تصدیق کی تھی، آسٹریلین ٹیم 1998 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کررہی ہے۔

پی سی بی نے دورے کے نئے شیڈول کا اعلان کیا، دورہ اب کراچی کے بجائے پنڈی سے شروع ہوگا اور پنڈی ہی میں ختم ہوگا۔آسٹریلوی ٹیم 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی، چاروں وائٹ بال میچز لاہور کی بجائے راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔کینگروز 5 اپریل کو راولپنڈی میں آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل کر وطن لوٹ جائیں گے۔ مقامات میں تبدیلی یوم پاکستان کی ریہرسل اور لاجسٹک وسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔دونوں بورڈز نے اتفاق کیا ہے کہ مہمان ٹیم بذریعہ چارٹرڈ پرواز اسلام آباد پہنچے گی، آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد انہیں ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔