عالیہ حمزہ کی مریم نواز کے خلاف پیمرا، ایف آئی اے میں درخواست

601

پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ ملک نے مریم نواز کے خلاف دو درخواستیں جمع کرائیں ہیں جن میں سے ایک درخواست پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) اور دوسری ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ میں جمع کرائی گئی ہے۔

عالیہ حمزہ ملک کا یہ اقدام بظاہر مریم نواز کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر خاتون اول پر کیے گئے طنز کا ردعمل ہو سکتا ہے۔

تاہم ایف آئی اے میں جمع کرائی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نہ صرف میڈیا کو بلیک میل کرنے بلکہ  سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر غیر اخلاقی اور فحش ٹرینڈز کو فروغ دینے میں ملوث ہیں، جس کی ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کے ذریعے تحقیقات کرانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ صابر ہاشمی کی حمایت کر کے مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے اپنے اس مذموم منصوبے کو بے نقاب کر دیا ہے کہ دراصل وہ ایسے لوگوں کی سرپرستی کر رہی ہیں جنہوں نے خاتون اول کے خلاف تضحیک آمیز ٹرینڈز شروع کیے۔

صابر ہاشمی کو حال ہی میں ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے خاتون اول کے خلاف سوشل میڈیا پر ٹرینڈز شروع کرنے پر گرفتار کیا تھا اور ان پر دیگر غیر اخلاقی ٹرینڈز شروع کرنے کا بھی الزام عائد کیا گیا تھا۔

عالیہ حمزہ ملک نے خاتون اول کے خلاف میڈیا پروپیگنڈے سے متعلق بھی پیمرا کو ایک درخواست دی جس میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز گندی سیاست میں ملوث ہیں اور ٹوئٹر پر تضحیک آمیز ٹرینڈ چلوا رہی ہیں۔

پی ٹی آئی ایم این اے کا کہنا تھا کہ وہ مریم نواز کی سیاست کو بے نقاب کریں گی، ان کا مزید کہنا تھا کہ نیوز ون کے پروگرام میں اخلاقی اقدار کی خلاف ورزی کی گئی، پیمرا نے اس پروگرام پر ٹی وی چینل کو نوٹس بھی جاری کیے ہیں۔

پیمرا ہیڈ کوارٹر کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی ایم این اے نے مزید کہا کہ پاکستان میں صحافت کی آڑ میں گٹر جرنلزم کی جا رہی ہے۔

عالیہ حمزہ ملک نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ مریم نواز اور ن  لیگ اشتہارات پر کنٹرول کے ذریعے کچھ نیوز چینلز کو فوائد دینے اور کچھ نیوز چینلز کی مالی آمدنی کم کرنے میں ملوث رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کے کچھ اداروں کو خریدنے اور کچھ اداروں پر دباؤ ڈالنے کی یہ پالیسی دراصل آزادی صحافت پر حملہ ہے، انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کی رہنما میڈیا کو اپنے مفادات کے لیے استعمال کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز ججز کی بلیک میلنگ سمیت ہر مذموم عمل کی ذمے دار ہیں جو ان کی لیک ہونے والی آڈیو اور ویڈیو سے ثابت ہو چکا۔

پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ ملک کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی ملک کی عدلیہ اور دیگر ریاستی اداروں پر حملوں کی ایک تاریخ رہی ہے۔