پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ مسترد،سراج الحق نے آج سے 2 روزہ ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا

365
لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ سے خطاب کررہے ہیں

لاہور( نمائندہ جسارت ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے ظلم کی انتہا کر دی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے کے خلاف آج سے 2 روزہ ملک گیر ا حتجاج ہو گا۔ آج اورکل ہر شہر میں حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف مظاہرے کیے جائیں گے۔ پیٹرول، ڈیزل، مٹی کے تیل میں 10سے 12روپے اضافہ مسترد کرتے ہیں۔ حکومت فی الفور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 50 فیصد کم کرے، لیوی اور کسٹم ڈیوٹی ختم کر کے عوام کو سبسڈی دی جائے۔ اشیائے خور ونوش، ادویات اور بجلی کی قیمتیں بھی آدھی کی جائیں۔ عوام دشمن اقدامات ختم نہ ہوئے تو دھرنوں سے حکمرانوں کو گھر بھیجیں گے۔ عوام حکومت کے خودکش حملوں کا جواب دینے کے لیے باہر نکلیں اور جماعت اسلامی کے احتجاج میں شامل ہوں۔ پاکستان دنیا کا مہنگا ترین ملک، لوگوں پر عرصۂ حیات تنگ کر دیا گیا۔ حکمران غریب مکائو مہم چلا رہے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت کی غریب کش پالیسی جبر و ناانصافی کی آخری حد عبور کر گئی۔ آئی ایم ایف کے احکامات کی تابعداری جاری،عوام پر مہنگائی کے کوڑے برس رہے ہیں۔ ملک عالمی مالیاتی اداروں کا اصطبل بن گیا۔ معیشت تباہ ہو گئی، وزیراعظم اپوزیشن کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔ سرمایہ دارانہ کرپٹ سودی نظام، کرپشن جاری، وزیراعظم ساتھ ساتھ کمال ڈھٹائی سے ملک کو مدینے کی ریاست بنانے کے دعوے بھی کر رہے ہیں۔ جماعت اسلامی ہی پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنا سکتی ہے۔ موجودہ اور سابق حکمران بری طرح ایکسپوز ہو گئے۔ گزشتہ 73برس میں ظالم حکمران اشرافیہ نے عوام کو سوائے دکھ اور تکلیف کے اور کچھ نہیں دیا۔ ہماری منزل کرپشن فری اسلامی پاکستان ہے۔ دین میں ہی انسانیت کی راہ نجات ہے۔ قرآن و سنت کی تعلیمات کو اپنا کر ہی ہم اپنی دنیاوی و اخروی زندگی میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوںنے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب اور مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ انھوں نے جماعت اسلامی کے قائدین اور کارکنان کو ہدایات جاری کیں کہ وہ گوجرانوالہ میں کل بروزجمعہ ہونے والے تیسرے دھرنے کو بھی بھرپور طریقے سے کامیاب کرانے کے لیے عوامی رابطہ مہم میں مزید تیزی لائیں۔ سراج الحق نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آج اورکل ہونے والے ملک گیر مظاہروں میں بھرپور شرکت کر کے حکمرانوں کو پیغام دیں کہ ا ب انھیں مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ امیر جماعت نے کہا کہ حکومت نے رات کے اندھیرے میں تیل کی قیمتوں میں ایک دفعہ پھر اضافہ کر دیا ہے۔ منگل کو آدھی رات کو قیمتوں میں یک بار اضافہ ملکی تاریخ کا شاید سب سے بڑا اضافہ ہے۔ حکومت نے ثابت کر دیا کہ اسے مہنگائی کے مارے عوام کی کوئی پروا نہیں۔ موجودہ حکومت کے دور میں ملک میں لاکھوں نوجوان بے روزگار ہوئے، عام شخص 2 وقت کا کھانا بھی افورڈ نہیں کر سکتا۔ لوگ پریشان ہیں، نوجوان مایوس ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن موجودہ حکومت کے ٹریڈ مارکس بن گئے۔ نااہل حکمرانوں نے قوم کا وقت ضائع کیا اور تباہ کن معاشی پالیسیاں تشکیل دیں۔ حکومت امریکا، آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کی مکمل تابعداری کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم اقتدار میں آنے سے قبل پیٹرول کی قیمت کو 50روپے فی لیٹر کرنے کے دعوے کرتے تھے۔ انھوں نے نوجوانوں کو ایک کروڑ نوکریاں دینے اور 50لاکھ گھر تعمیر کرانے کے اعلانات بھی کیے۔ وزیراعظم بھیک مانگنے پر خودکشی کو ترجیح دینے کی بات بھی کرتے تھے۔ ساڑھے 3 برس گزر گئے ، وزیراعظم نے اپنے ہر وعدے سے انحراف کیا اور وہ قوم سے مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں۔سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان قرآن کا پیغام ملک کے کوچے کوچے میں عام کریں۔ پاکستان کو اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا، مگر گزشتہ 7 دہائیوں میں ایک روز کے لیے بھی یہاں اسلامی نظام نافذ نہیں ہوا۔ جماعت اسلامی کی لڑائی کسی فرد یا جماعت سے نہیں بلکہ کرپٹ نظام سے ہے۔ ہم نظام بدلنا چاہتے ہیں۔ جماعت اسلامی پرامن، جمہوری اسلامی انقلاب پر یقین رکھتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ عوام نے تمام جماعتوں کو آزما لیا، اب ایک دفعہ جماعت اسلامی کو موقع دیں۔ انھوں نے کہا کہ ظالموں کا ساتھ دینا ظلم میں شریک ہونے کے مترادف ہے۔ قوم نیک، صالح اور اہل قیادت کو منتخب کرے جو کہ جماعت اسلامی کی صورت میں انھیں دستیاب ہے۔