
اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے امریکا میں نامزد پاکستانی سفیر سردار مسعود خان نے بدھ کو ملاقات کی۔ وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں علاقائی سیکورٹی صورتحال سمیت پاک امریکا دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیر داخلہ نے سردار مسعود خان کو امریکا میں بطور سفیر تعیناتی پر مبارکباد پیش کی ۔
انہوں نے سردار مسعود خان کی بطور سفیر کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ نامزد سفیر سردار مسعود خان نے وزیر داخلہ سے پاک امریکا تعلقات اور دیگر معاملات پر رہنمائی حاصل کی۔شیخ رشید نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات میں مزید بہتری کے لیے آپ کا بطور سفیر کردار انتہائی اہم ہے، امید ہے پاکستان آپ کی سفارتکاری کے وسیع تجربے سے فائدہ اٹھائے گا۔ مسعود خان نے کہا کہ اپنی تمام تر توانائیاں بیرون ملک پاکستان کے تشخص کو اجاگر کرنے میں صرف کروں گا، پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارت، تعلیم اور انسانی ترقی کے شعبوں میں تعاون میں بہتری لانے کی کوشش کروں گا۔