لاہور: بین کٹنگ اور سہیل تنویر پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے 22 ویں میچ میں پی ایس ایل کے ضابطہ اخلاق کے لیول ون کی خلاف ورزی کرنے پر پشاور زلمی کے بین کٹنگ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سہیل تنویر پر میچ فیس کا 15 ، 15 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔
دونوں کھلاڑی کو میچ کے دوران نامناسب اشارہ کرنے پر پی ایس ایل کے ضابطہ اخلاق کی شق 2.6 کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں۔
پشاور زلمی کی اننگز کے دوران اس وقت پیش آیا جب بین کٹنگ نے لگاتار تیسرا چھکا جڑنے کے بعد سہیل تنویر کو انگلی سے نامناسب اشارہ کیا۔
جواب میں سہیل تنویر نے بھی اسی اننگز کے آخری اوور کی پہلی گیند پر نسیم شاہ کی گیند پر بین کٹنگ کا کیچ پکڑنے کے بعد یہی اشارہ کیا۔
میچ ریفری علی نقوی کا کہنا ہے کہ اس قسم کے نامناسب اشاروں کی کھیل میں کوئی جگہ نہیں ہے، تمام کھلاڑیوں کو اپنی آن اور آف دا فیلڈ ذمہ داریوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے، یہ تمام کھلاڑی نئی نسل کے لیے رول ماڈل ہیں اور ان رویہ سے نوجوان نسل کو غلط پیغام جاتا ہے۔