اپوزیشن جماعتیں جنوبی پنجاب پر مگرمچھ کے آنسو نہ بہائیں، شاہ محمود

222

ملتان(اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت جنوبی پنجاب کے عوام کوشناخت دیکران کی محرومیوں کا ازالہ کرنا چاہتی ہے ۔پی پی ن لیگ اس معاملے پر خاموش کیوں ہیں ؟دونوں جماعتیں جنوبی پنجاب صوبے پر مگر مچھ کے آنسو نہ بہائیں اگر وہ جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے لیے سنجیدہ ہیں تو آئیں اور آئینی ترمیم پر ہمارا ساتھ دیں،2 دفعہ خط لکھ کر جنوبی پنجاب صوبے پر مدد مانگ چکا ہوں لیکن دونوں جماعتوں کی جانب سے ابھی تک کوئی جواب سامنے نہیں آیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز این اے 156 کی یونین کونسل 65میں سابق وائس چیئرمین میاں سجاد انصاری کی اپنے ساتھیوں سمیت ن لیگ سے علیحدگی اختیار کرکے تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیرخارجہ نے مزید کہاکہ وقت آنے پردونوں جماعتوں کی خاموشی کی وجہ بتاؤں گا۔ ملکی سیاست اہم موڑ میں داخل ہو چکی ہے عوام کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ 5،5 بار باریاں لینے والے بہتر ہیں یا پہلی دفعہ اقتدار میں آنے والی تحریک انصاف بہتر ہے۔انہوں نے کہا کہ پی پی ن لیگ دونوں جماعتوں نے کم وبیش40 سال تک اقتدار کے مزے لوٹے ۔ تحریک انصاف کو پہلا موقع ملا ہے او ر ابھی 4 سال مکمل نہیں ہوئے۔انہوں نے کہاکہ حکومت جن حالات میں ملی قوم کے سامنے ہے۔ہمیں مشکل حالات میں ملک ملا اس لیے مشکل فیصلے کرنا پڑرہے ہیں۔