فضل الرحمن کی جہانگیر ترین ملاقات نہیں ہوئی،حافظ حمداللہ ـ رابطے ہیں،حمزہ شہباز

575

پاکستان  ڈیمو  کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے مولانا  فضل الرحمان اور جہانگیر ترین کی ملاقات کی تردید کردی ہے دوسری جانب لیگی رہنما حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین سمیت سب کے ساتھ رابطے ہیں، ہدف ایک ہی ہے کہ عمران نیازی کو گھر جانا ہے

پی ڈی ایم  کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات  کی خبر کی تردید کرتے ہوئے  کہا کہ مولانا فضل الرحمان ڈرائنگ روم اورآف شور سیاست پریقین نہیں رکھتے، عدم اعتماد تحریک کامیاب  بنانے کیلئے ملاقاتیں خفیہ نہیں بلکہ قوم کے سامنے ہوں گے۔

 حافظ حمد اللہ کا  کہنا تھاکہ پی ڈی ایم جلد مذاکراتی جرگہ تشکیل دے گی جس میں تمام اپوزیشن جماعتوں کی نمائندگی ہوگی اور جرگہ مختلف سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں کرےگا۔

اس سے  قبل جے یو آئی کے رہنما اکرم درانی بھی مولانا  فضل الرحمان اور  جہانگیر ترین کی ملاقات کی خبر کی  تردید کرچکےہیں۔

واضح رہےکہ گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان اور جہانگیر ترین کی ملاقات کی خبر سامنے آئی تھی جس میں ذرائع کا کہنا تھا کہ ملاقات پرسوں شام لاہور میں نامعلوم مقام پر ہوئی جو کہ تقریباً آدھا گھنٹہ جاری رہی۔

ذرائع نے  بتایا  کہ یہ ملاقات دونوں طرف کے مشترکہ دوستوں نےکرائی ہے، مولانا فضل الرحمان چوہدری برادران سے ملنے کے بعد جہانگیر ترین سے ملاقات کے لیےگئے تھے۔

 دوسری جانب حمزہ شہباز نے احتساب عدالت لاہور میں رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت  کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ جہانگیر ترین سمیت سب کے ساتھ رابطے ہیں، ہدف ایک ہی ہے کہ عمران نیازی کو گھر جانا ہے، ہم تمام اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ملکر اپنے کام پر لگے ہوئے ہیں ، اللہ تعالیٰ بہت جلد عمران نیازی سے عوام کی جان چھڑوائے گا۔