لاڑکانہ: فہمیدہ سیال کے قتل میں نامزد رکن سندھ اسمبلی کی گرفتاری کیلیے اشتہار

286

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) قمبر کے قریب گاؤں خیرپور جوسو میں 3 ماہ قبل پلاٹ کے تنازع پر قتل ہونے والی خاتون فہمیدہ سیال کے قتل مقدمے میں نامزد پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی گھنور خان اسران کے والد ڈاکٹر شہید اسران اور ماموں ندیم اسران کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اشتہاری قرار دیتے ہوئے گرفتاری کے لیے اخبار میں اشتہار جاری کردیے جن میں کہا گیا ہے کہ ملزمان عدالت کو مطلوب ہیں، 7 روز کے اندر عدالت میں پیش ہوں بصورت دیگر ان کی غیر موجودگی میں مقدمہ چلایا جائے گا۔دوسری جانب ملزمان اور مدعی فریق کے درمیان صلح کے لیے سید امیر شاہ اور ریاض اسران کی سربراہی میں 300 معززین پر مشتمل منت سماجت قافلہ خیرپور جوسو پہنچا جہاں انہوں نے مقتول خاتون کے ورثا سے ملاقات کرکے انہیں فیصلے پر رضا مند کرنے کی کوشش کی تاہم ورثا کی جانب سے فیصلے سے انکار کردیا گیا، اس حوالے سے فہمیدہ سیال مقدمے کی مدعی غلام تقی سیال نے بتایا کہ مقدمہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں زیر سماعت ہے جس کے لیے ہم ملزم فریق سے فیصلہ یا صلح نہیں کرنا چاہتے کیونکہ ہمیں عدالتوں سے انصاف کی اُمید ہے۔