تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کا 100 فیصد یقین ہے،شاہد خاقان

402

اسلام آباد (صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ یہ نہیں بتا سکتے کہ کب تحریک عدم اعتماد لائیں گے‘جب مجھے یقین ہو گا کہ 172 ارکان ہیں تو میں تحریک عدم اعتماد دائر کردوں گا‘ مجھے100فیصد یقین ہے کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو گی‘ 172سے زیادہ ہی ارکان ہوں گے جو جماعت تحریک عدم اعتماد میں نرمی برتے گی اور اس کے ارکان عدم اعتماد میں پیش نہیں ہو ں گے تو عوام اس جماعت کو معاف نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہم تحریک عدم اعتماد کے لیے اپنی تیاری کر رہے ہیں اور 10 ووٹوں کا فرق ہے‘ جب ایک ملک کا ماحول ہی غیر آئینی ہو تو آپ آئین پر عمل نہیں کر سکتے‘ جب غیر آئینی مداخلت ختم ہو گی تو خود ہی راستہ بن جائے گا‘ بیساکھیاں ہٹیں تو یہ24 گھنٹے کی بات بھی نہیں ہے‘ جہانگیر خان ترین سے بھی بات کریں گے جو بھی اس نیک کام میں مدد کرسکتا ہے‘ اس سے بات کریں گے‘ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو جائے گی اور نئی حکومت نہیں بنے گی تو اسمبلیاں خود بخود ٹوٹ جائیں گی اور 90 روز کے لیے نگران حکومت بنے گی جو الیکشن کرائے گی۔ جب نہ وزیر اعظم ہو اور نہ اپوزیشن لیڈر ہو تو پھر عدالت ہی نگران سیٹ اپ مقررکرے گی‘ وفاق میں نئے انتخابات ہو جائیں گے اور صوبائی اسمبلیاں چلتی رہیں گی اور وہاں بعد میں الیکشن ہو جائیں گے۔