نوشہرہ (صباح نیوز) وزیر دفاع پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ صحافیوں پر سچ پہنچانے کی بھاری ذمے داریاں عاید ہیں اور ہم صحافیوںسے توقع رکھتے ہیں کہ وہ حکومت پر جائز تنقید کے ساتھ ساتھ حکومت کی کارکردگی بھی عوام تک پہنچائیں گے۔ نوشہرہ پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس کی مشترکہ حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ریکارڈ ترقیاتی کام کیے لیکن اپوزیشن جماعتیں حکومت کے خلاف منفی سازشوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے میں نے بلین ٹری منصوبہ شروع کیا ، دنیا نے دیکھا ایک ارب 20کروڑ پودے ہم نے پختونخوا میں لگائے جس کے باعث ہمارا صوبہ گرین شکل اختیار کر گیا ۔ منصوبے عالمی سطح پرتعریف کی جانے لگی اور دنیا نے ہمارے بلین ٹری منصوبے کی کاپی کرکے اپنے ماحول کو گرین بنانے پر کام شروع کیا۔ پرویز خان خٹک نے کہا کہ پشاور میٹرو منصوبہ اپنی افادیت کے لحاظ سے دنیا بھرمیںرینکنگ کی دوڑ میں تیسرے نمبر پر آگیا ہے۔ پشاور میٹرو بس سروس میں روزانہ 2لاکھ 40 ہزار مسافر مختلف 80 کلومیٹر روٹس پر سفر کرتے ہیں،اب اسکا دائرہ پبی شہر تک وسیع کرنے کا منصوبہ ہے ،بس سروس کے بیڑے میں مزید 60 نئی بسیں بھی آنے والی ہیں۔