تحریک عدم اعتماد کیلیے شہباز شریف کی چودھری برادران سے ملاقات

481
 لاہور: ن لیگ کے صدر شہباز شریف ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین اور پرویز الٰہی سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کررہے ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت+ آن لائن )قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور ن لیگ کے صدر شہبازشریف نے 14 سال بعد ق لیگ کے صدرو سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اورا سپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالٰہی سے وفد کے ہمراہ ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور عدم اعتماکے لیے مدد مانگ لی ۔ذرائع کے مطابق ملاقات کے 3دور ہوئے، پہلے دور میں دونوں جانب کی قیادت شریک ہوئی، دوسرے دور میںشہباز شریف، چودھری شجاعت اور پرویز الٰہی شریک ہوئے، تیسرے دور میں شہباز شریف، شجاعت حسین، پرویزالٰہی، سعد رفیق، ایاز صادق بھی شریک ہوئے۔ بعد ازاں رانا تنویرکو بھی ملاقات میں شریک کرلیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے چودھری برادران کو اپوزیشن کے فیصلوں کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔ان کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا ہے، ساتھ دیا جائے، آپ کے حکومت سے متعلق تحفظات بھی سامنے آتے رہتے ہیں، اب بڑا فیصلہ کریں، اپوزیشن یکسو ہے کہ حکومت کو گھر جانا چاہیے۔ چودھری برادران کا کہنا تھا کہ ہم سیاسی صورتحال پر پارٹی سے مشاورت کے بعد لائحہ عمل اختیار کریں گے،آنے والے دن اہم ہیں۔ذرائع کے مطابق دونوں جانب کی قیادت نے ڈیڑھ گھنٹہ سے زائد ملاقات کی۔ شہبازشریف نے اپنی اور نوازشریف کی جانب سے چودھری شجاعت حسین کی خیریت بھی دریافت کی اور ان کی مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔