نوابشاہ ر(پورٹ کاشف رضا)قاضی احمد میں زرعی زمین کے تنازع نے 6 افراد کی جان لے لی ۔قاضی احمد کے علاقے نواب ولی محمد کچے میں 400ایکڑ زرعی زمین کی ملکیت پر بھنڈ اور زرداری برادریوں کے درمیان فائرنگ میں ایس ایچ او سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔پولیس ذرائع کے مطابق زرعی زمین کے تنازع پر زرداری برادری کے مسلح افراد نے بھنڈ برادری کے افراد پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں موقع پر موجود ایس ایچ او مزا پور عبدالحمید کھوسو سمیت بھنڈ برادری کے 5افراد معشوق بھنڈ ،صابن بھنڈ، ٹرو بھنڈ ،اکمل بھنڈ اور ایاز بھنڈ گولیاں لگنے سے موقع پر جاں بحق جبکہ 8افراد شدید زخمی ہو گئے، جاں بحق افراد اور زخمیوں کو سول اسپتال قاضی احمد اور پی ایم یو اسپتال نواب شاہ منتقل کیا گیا ہے جبکہ دوسری جانب زرداری برادری کے مسلح افراد تاحال متنازع زمین پر موجود ہیں جس کے باعث مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے ۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر طلب کرلی گئی، دونوں جانب سے شدید فائرنگ کے باعث آپریشن شروع نہیں کیا گیا۔ ایس ایس پی امیر سعود مگسی نے بتایا کہ پولیس نے 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا اور صورت حال پر قابو پا لیا ہے۔