اسلام آباد (آن لائن) مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے صاف پانی کیس میں احتساب عدالت کے تفصیلی فیصلے کو نیب نیازی گٹھ جوڑ کے سیاسی انتقام کے منہ پر ایک اور زوردار طمانچہ قرار دے دیا۔ اپنے ایک بیان میں ترجمان ن لیگ کا کہنا تھا کہ تفصیلی فیصلہ عمران صاحب کے احتساب کے بیانیہ پہ عدالت کا ایک اور طمانچہ ہے ۔ عمران صاحب کا جھوٹا احتساب کا بیانیہ ہر روز منہ کے بل گرتا ہے ۔ انہوں نے کہا عمران صاحب تفصیلی عدالتی فیصلے کے آئینے میں اپنے جھوٹ کا چہرہ دیکھیں۔ ، اگست 2018ء میں جب شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں بلایا تھا اور آشیانہ کیس میں گرفتار کیا تھا، تب بھی یہ کیس نہیں بنتا تھا ۔ عمران صاحب فیصلہ پڑھیں کہ صاف پانی منصوبے سے صرف پنجاب کی عوام کو فائدہ پہنچا ہے ۔ انہوں نے کہا عمران صاحب فیصلے کو پڑھیں کہ کوئی لاقانونیت ، رولز کی خلاف ورزی یا مالی فوائد سامنے نہیں آئے۔ نیب نیازی گٹھ جوڑ نے ہر جھوٹا الزام لگایا، ہر جھوٹا کیس بنایا لیکن وہ ثابت نہیں کرسکے کیونکہ کرپشن ہوئی ہی نہیں ۔ انہوں نے کہا برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کے شہباز شریف کو کلین چٹ دینے کے بعد ملک کے اندر تیسرا عدالتی فیصلہ ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے شہباز شریف کو سرخرو کیا۔