کوئٹہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد کو شکست دیدی

215

 

لاہور(سید وزیر علی قادری) پی ایس ایل 7 کے 18 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کپتان سرفراز احمد کی ناقابل شکست 50 رنز کی اننگز کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔فاتح ٹیم کی یہ ٹورنامنٹ میں تیسری کامیابی ہے۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 200 رنز کا مطلوبہ ہدف 2 گیندیں قبل 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ان فارم اوپنر جیسن رائے نے کریز سنبھالتے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور 200 کے اسٹرائیک ریٹ سے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔ 27 گیندوں پر مشتمل ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 10 چوکے شامل تھے۔ انہوں نے احسان علی کے ہمراہ 88 رنز کی شراکت قائم کی۔ احسان علی 30 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ لائن اپ کچھ لڑکھڑائی اور محض 47 رنز پر 3 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔اس موقع پر کپتان سرفراز احمد نے عمر اکمل کے ہمراہ 52 رنز کی شاندار شراکت قائم کرکے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو فتح دلادی۔ سرفراز احمد نے 32 گیندوں پر 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 50 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ عمر اکمل نے 8 گیندوں پر 3 چھکوں کی مدد سے 23 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ شاداب خان نے 3۔ وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ایلکس ہیلز اور فہیم اشرف کی نصف سنچریوں کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔ ایلکس ہیلز نے 38 گیندوں پر 163 کے اسٹرائیک ریٹ سے 4 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 62 رنز کی اننگز کھیلی۔ فہیم اشرف نے 196 کے اسٹرائیک ریٹ سے 4 چھکوں اور 5 چوکوں کی بدولت 55 رنز بنائے۔شاہد آفریدی اور جیمز فالکنر نے 2,2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔