اراکین اسمبلی و حلیف جماعتیں ملکر تحریک عدم اعتماد کو شکست دیں، شاہ محمود

81

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے تمام اراکین قومی اسمبلی اور حلیف جماعتوں کا سیاسی و اخلاقی فرض بنتا ہے کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو شکست دیں، 2018ء کے انتخابات کے فوری بعد اپوزیشن نے اپنی کارروائیوں کا آغاز کردیا تھا، کوئی بھی سیاسی شعور رکھنے والا سیاستدان اور پارلیمینٹیرین اپنے بلدیاتی حلقوں پر توجہ کو چھوڑ کر اپوزیشن کی تحریک کا حصہ بننے پر آمادہ نہیں ہوگا۔ پی ڈی ایم کے تحریک عدم اعتماد کے اعلان پر ردعمل میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد لانا پی ڈی ایم کا آئینی استحقاق ہے اور اس کا مقابلہ کرنا ہمارا آئینی حق ہے، اگر وہ تحریک لانا چاہتے ہیں تو بالکل لائیں ہم ان کا آئینی طریقے اور پارلیمانی انداز سے بھرپور مقابلہ کریں گے۔ تحریک انصاف کے نشان پر کامیاب ہونے والے تمام ممبران قومی اسمبلی ڈٹ کر اپنے قائد اور کپتان کا دفاع کریں گے، ہمارے پاس ہر لحاظ سے دفاع کرنے کی صلاحیت موجود ہے،اپوزیشن کے پاس اگر ووٹ مکمل ہوتے تو وہ حکومت میں ہوتے کیونکہ ان کے پاس ووٹ پورے نہیں ہیں لہٰذا وہ دائیں بائیں دیکھیں گے۔