عمران سرکار سیاست اور جمہوریت کیلیے خطرناک ہوچکی ، سراج الحق

322
سوات: امیر جماعت اسلامی سراج الحق سنگھوٹہ میں مدرسہ حقانیہ میں تقریب تکمیل بخاری شریف سے خطاب کررہے ہیں

سوات/لاہور(نمائندگان جسارت)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم اسلامی نظریاتی، پارلیمانی، اقتصادی اور سیاسی محاذ پر مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔ پی ٹی آئی کی ناکام اور نااہل حکومتی ٹیم سیاست اور جمہوریت کے لیے خطرناک ہو چکی ہے۔ قومی سلامتی اور قومی مفادات کا ہر پہلو غیر محفوظ ہاتھوں میں ہے، لہٰذا حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے لیے ایک ہی حل ہے کہ عمران خان اپنی ناکامی تسلیم کریں، قوم سے معافی مانگیں اور آئینی راستہ اختیار کرتے ہوئے استعفا دے کر عوام سے نئے مینڈیٹ کے لیے رجوع کریں۔ اگر اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کے لیے آئینی راستہ اختیار کرنا چاہتی ہیں تو یہ بھی طے کر لیا جائے کہ عدم اعتماد کی کامیابی کے فوراً بعد نئے قومی انتخابات کے لیے اسمبلیوں سے اجتماعی استعفے دے دیں۔ طالع آزما حربوں کے سدباب کے لیے نئے عام انتخابات کا انعقاد ہی محفوظ ترین آئینی راستہ ہے۔ ورنہ افراتفری، کرپٹ مافیا اور نااہل دھڑوں کی ملغوبہ حکومت ملک میں خوفناک آئینی و سیاسی بحران پیدا کر دے گی۔ پی ٹی آئی کے دور میں سابق حکومتوں کی پالیسیوں کا نہ صرف تسلسل رہا، بلکہ تمام شعبوں میں مزید تباہی آئی اور ملک 30سال پیچھے چلا گیا۔ بیرونی قرضوں میں گزشتہ ساڑھے 3 سال میں 27ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔ پیٹرول کی قیمت 95روپے سے بڑھ کر150روپے فی لیٹر تک جا پہنچی ہے۔ بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 9 روپے کا اضافہ عوام پر ظلم ہے۔ بجلی، گیس، پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔ آٹا، چینی، دال اور گھی کی قیمت عام آدمی کی پہنچ سے دور ہے۔ بھوک سے تنگ لوگ خودکشی کرنے پر مجبور ہیں۔ پڑھے لکھے نوجوان ڈگریاں اٹھائے مزدوری کی تلاش میں چوکوں چوراہوں میں بیٹھے ہیں۔ ملک پر عملاً آئی ایم ایف کی حکومت قائم ہو چکی ہے۔ سودی معیشت اور سرمایہ دارانہ نظام نے ہمارا سب کچھ تباہ کر دیا۔ کرپٹ اور فرسودہ نظام سے چھٹکارے کے لیے عوام کو جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہو گا۔ چترال سے لے کر کراچی تک لوگ مہنگائی، بدامنی اور بے روزگاری سے تنگ ہیں۔ پاکستان کے مسائل کا حل اسلامی جمہوری نظام میں ہے۔ قوم آزمائے ہوئے لوگوں کو مسترد کرے اور جماعت اسلامی کو موقع دے۔ وعدہ کرتا ہوں اللہ کی مدد و نصرت اور عوام کی تائید سے پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کا گہوارا بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامعہ حقانیہ سنگھوٹا سوات میں تقریب تکمیل بخاری شریف سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔امیر جماعت نے کہا کہ ملک پر گزشتہ 73برس سے مغرب کے ایجنٹ اور سیکولر نظام کے پروردہ حکومت کر رہے ہیں۔ ماضی کی حکومتوں نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کیاجبکہ پی ٹی آئی نے ساڑھے 3 برس میں رہی سہی کسر نکال دی۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے بیڈ گورننس کی تاریخ رقم کی۔ وزیراعظم نے وعدے کیے، مگر کرپشن کو نہ روک سکے۔ اس حکومت نے کشمیر کا سودا اور خارجہ محاذ پر پاکستان کو تنہائی کا شکار کیا۔ انھوں نے کہا کہ پنڈوراپیپرز میں 700سے زاید پاکستانیوں کے نام آئے ہیں، اس سے قبل پاناما لیکس میں بھی حکمران اشرافیہ کی کرپشن کی کہانیاں لیک ہوئیں۔ اگر پاکستان کی اعلیٰ عدالت اور ادارے پاناما لیکس پر شفاف تحقیقات کا آغاز کرتے، تو پنڈوراپیپرز میں ملک کی اتنی بدنامی نہ ہوتی۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پنڈوراپیپرز اور پاناما لیکس کا معاملہ عدالت عظمیٰ سمیت ہر فورم پر اٹھائے گی۔ ملک کے ریسورسز لوٹ کر اور ٹیکس چوری کر کے بیرون ملک دولت بھیجنے والوں کو عوام کو جواب دہ ہونا پڑے گا۔سراج الحق نے کہا کہ اسلامیان پاکستان کو متحد ہونا ہو گا۔ نوجوان ملک کی تقدیر بدلنے کے لیے جماعت اسلامی کا پلیٹ فارم ا ستعمال کریں۔ ظلم اور ناانصافی پر خاموشی ظلم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے۔ عوام کی گردنوں پر سوار ظالم اشرافیہ سے نجات حاصل کیے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔ا سٹیٹس کو سے نجات کے لیے پرامن جمہوری راستہ ہی بہترین راستہ ہے۔ قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ نوجوانانِ پاکستان سے خصوصی طور پر اپیل ہے کہ وہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف خاموش نہ رہیں اور جماعت اسلامی کی حکومت مخالف تحریک میں اس کا ساتھ دیں۔