کراچی(نمائندہ جسارت)وفاقی وزیر برائے بحری امور اور تحریک انصاف سندھ کے صدر علی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ 26فروری سے زرداری مافیا کے خلاف تحریک کا آغاز ہوگا۔14 سال سے سندھ کے وسائل پر قابض مافیا سے سندھ کے عوام کو نجات دلوائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ نوابشاہ اور شکار پور سے آئے ہوئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ملاقات میں پی ٹی آئی سندھ کے جنرل سیکرٹری مبین جتوئی بھی موجود تھے۔ملاقات میں ہونے والے گھوٹکی مارچ پر گفتگو ہوئی۔وفاقی وزیر نے رہنماؤں کو مارچ کے لیے عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کی۔انہوںنے کہا کہ سندھ حقوق مارچ عوام کے بنیادی حقوق کے لیے ہے۔یہ تحریک سندھ سے زرداری مافیا کے خاتمے تک جاری رہے گی۔سندھ سے بڑی تعداد میں شہری مارچ میں شرکت کریں گے۔