لاہور نے ناقابل شکست رہنے والی ملتان کو ہار کا مزہ چکھادیا

271

لاہور (سید وزیر علی قادری) پی ایس ایل 7 کے 17 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 52 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن کی مسلسل فتوحات کے آگے بند باندھ دیا۔ 183 رنز کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 130 رنز پر ہمت ہارگئی۔ لاہور قلندرز کی یہ ٹورنامنٹ میں چوتھی کامیابی ہے۔وہ اب 8 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پربھی پہنچ چکے۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم ٹور نامنٹ میں پہلی مرتبہ دباؤ میں نظر آئی۔ لاہور قلندرز کی نپی تلی بولنگ کے سامنے ملتان سلطانز کا کوئی بھی بیٹر زیادہ دیرمزاحمت نہ کرسکا اور یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹتا رہا۔ ملتان سلطانز کے صرف4 بیٹرز ہی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکے۔ صہیب مقصود 29،ٹم ڈیوڈ 24 ، خوشدل شاہ 22 اور محمد رضوان 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ زمان خان نے 3جبکہ حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور راشد خان نے 2,2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس سے قبل ملتان سلطانز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے تھے۔5کے مجموعی اسکور پر ان فارم اوپنر عبداللہ شفیق کی وکٹ گنوانے کے باوجود لاہور قلندرز کے بیٹرز کامران غلام اور اوپنر فخرزمان نے میچ میں واپسی کرتے ہوئے 86 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی۔ فخر زمان نے 37 گیندوں پر 162 کے اسٹرائیک ریٹ سے 60 رنزبنائے ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ کامران غلام نے 6 چوکوں کی بدولت 42 رنزاسکور کیے۔ رہی سہی کسر محمد حفیظ اور فل سالٹ نے پوری کردی۔ محمد حفیظ نے 29 گیندوں پر ایک چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔ فل سالٹ 13 گیندوں پر 26 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ نور علی، عمران طاہر، شاہنواز دھانی اور عباس آفریدی نے ایک , ایک وکٹ حاصل کی۔