مراد سعید اور شیخ رشید کو ایوارڈ کیسے ملا سب جانتے ہیں‘صوبائی وزیر

168

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے جن وزراکو ایوارڈ نہیں ملے اس سے وزیراعظم نے خود ثابت کردیا کہ وہ زیادہ نااہل وزیر ہیں۔ مراد سعید اور شیخ رشید کو ایوارڈ کیسے ملا سب جانتے ہیں۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے مزید کہا کہ ان کو ایوارڈز ملنے پر تحریک انصاف کے اراکین آپس میں چہ مگوئیاں کر رہے ہیں۔ یہ بات آن دی ریکارڈ ہے کہ مراد سعید سی پیک روکنے والا شخص ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید منحوسیت کا علمبردار ہے۔وفاقی وزیر ریلوے کے دورانیہ میں ملکی تاریخ کے بڑے حادثات ہوئے۔ اور اب جب اس کو وزارت داخلہ کا قلمدان ملا ہے تو اس وزارت کے ملتے ہی دہشت گردی کے واقعات میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے ہماری فورسز کے جوان شہید ہوئے۔شیخ رشید وزیر داخلہ کی حیثیت سے وہاں نہیں پہنچنے۔