سخت سیکورٹی میں پی ایس ایل کا میلہ لاہور میں سج گیا

301
لاہور : ملتان سلطانز کے بلے باز شان مسعود زلمی کے خلاف شاٹ کھیلتے ہوئے،دوسری تصویر میں ہیلی کاپٹرکے ذریعے فضائی نگرانی کی جارہی ہے،شائقین اسٹیڈیم کے باہر قومی پرچم اٹھائے خوشی کا اظہار کررہے ہیں،آخری تصویر میں شائقین اسٹیڈیم داخل ہوتے ہوئے

لاہور (سید وزیر علی قادری) پاکستان کرکٹ کا سب سے زیادہ شائقین کو اپنی طرف متوجہ کرنے والا برانڈ پاکستان سپر لیگ کا 7 واں ایڈیشن قذافی اسٹیڈیم لاہور میں اپنی رعنائیوں کے ساتھ شروع ہوگیا ،ورکنگ ڈے کے باعث شائقین کرکٹ کی آمد میچ کے آغاز پر کم رہی ، تاہم کچھ دیر بعد شائقین کرکٹ نے اسٹیڈیم آنا شروع کیا اور اپنی ٹیموں کی حوصلہ افزائی کے لیے قومی جھنڈے بھی لہراتے نظرآئے۔ ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی جنگ اور مداحوں کا انکلوژر میں بھرپو رشرکت کرنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ شائقین آج بھی کرکٹ سے محبت کرتے ہیں۔ اس موقع پر لاہور قلندر ز کے چیف آپریٹنگ آفیسر ثمین رانا نے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ زیادہ سے زیادہ فینز اسٹیڈیم آئیں، لاہور قلندرز کی ٹیم اپنے شہریوں کو مایوس نہیں کرے گی۔سی او او لاہور قلندرز کا کہنا تھا کہ لاہور میں کنڈیشنز اور خاص طور پر اوس سب کے لیے چیلنج ہوگی، پی سی بی انتظامات کر رہا ہے، امید ہے کہ اوس کے اثرات کم ہوں گے، چیلنجز تو رہتے ہیں لیکن پی ایس ایل کا زیادہ سے زیادہ شہروں میں ہونا بہت ضروری ہے۔انہوں مزید کہا کہ پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز میں شامل افغان کرکٹر راشد خان کی فیملی کے ارکان لاہور میں میچ دیکھیں گے۔لاہور قلندرز کے چیف آپریٹنگ آفیسر ثمین رانا نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ راشد خان کے بھائی اور کزنز لاہور میں میچز دیکھیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ راشد خان کی فیملی کے ارکان کرکٹر کو پہلی مرتبہ پاکستان میں ایکشن میں دیکھیں گے، راشد خان لاہور میں کھیلنے کے لیے بیتاب ہیں جن کی گزشتہ سیزن خواہش پوری نہ ہو سکی تھی۔ثمین رانا نے لاہور قلندرز کے آل رائونڈر ڈیوڈ ویسا سے متعلق کہا کہ وہ دو سال پہلے کی طرح لاہور میں کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں۔ثمین رانا نے لاہور میں میچز سے متعلق کہا کہ خوشی ہے کہ دو برس کے بعد لاہور میں پی ایس ایل کے میچز ہو رہے ہیں، لاہور میں ہر ٹیم کو سپورٹ ملتی ہے۔دوسری طرف میچ سے قبل ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ، جگہ جگہ ناکے لگا کر مشکوک گاڑیوں اور لوگوں کی چیکنگ کا عمل بھی جاری رہا۔ جب کہ اسٹیڈیم میں داخلے سے قبل شہریوں کی جامعہ تلاشی کے ساتھ ساتھ ویکسینیشن کارڈ بھی دیکھے گئے۔