کراچی ( نمائندہ جسارت ) پاکستان کسٹمز نے 2 کروڑ سے زاید مالیت کے ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ کو ناکام بناتے ہوئے 4ملزمان کو گرفتار کرلیا۔میڈیا لائزن آفیسرکسٹم انفورسمنٹ کراچی سید عرفان علی کے مطابق پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کلکٹریٹ کراچی کے اینٹی
اسمگلنگ اسکواڈ (ASO) نے سمندر میں دوران گشت بلوچستان کے ساحلی علاقے میں موجود 2 کشتیوں کو روک کر ان کی تلاشی لی تو کشتیوں میں اسمگل شدہ 31،770 لٹر ایرانی ڈیزل کی موجودگی کا انکشاف ہوا ، جس کی مالیت 2کروڑ4لاکھ47 ہزار روپے ہے ،دونوں کشتیوں اور تیل کو ضبط کرکے کشتیوں پر موجود 4 افراد کو گرفتار کر لیا گیا، گرفتار ملزمان کے خلاف کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مجاز عدالت سے ریمانڈ حاصل کیا جارہا ہے، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جار ی ہے ۔