لاڑکانہ ،ایس ایس پی کا تبادلہ ،شہر میں بے امنی عام شہری پریشان

372

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) ایس ایس پی کا تبادلہ بھی سود مند ثابت نہ ہوسکا، جرائم پیشہ عناصر شہریوں سمیت پولیس کے لیے درد سر بن گئے، لاڑکانہ شہر میں علی الصبح رحمت پور تھانہ کی حدود بھینس کالونی میں ڈکیتی کی واردات، شہری لاکھوں روپے نقدی، طلائی زیورات اور قیمتی اشیا سے محروم کر دیا گیا، چیئرمین پیپلز پارٹی کا حلقہ انتخاب، سندھ کا چوتھا بڑا اہم سیاسی ادبی شہر لاڑکانہ کئی ماہ سے مسلسل بیامنی کی لپیٹ میں ہے، گزشتہ دو سالوں کے دوران درجنوں جرائم پیشہ وارداتوں نے شہریوں کا سکون برباد کر کے رکھ دیا ہے۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی کا تبادلہ بھی سود مند ثابت نہیں ہوسکا، آج صبح سویرے 5 بجے شہر کے رحمت پور تھانہ کی حدود بھینس کالونی کی مین اسٹریٹ میں پانچ نامعلوم مسلح افراد نے شہری ایاز علی گوپانگ کے گھر کا دروازہ پھلانگ کر گھر میں گھس کر اسلحے کے زور پر اہل خانہ کو یرغمال بناتے ہوئے لوٹ مار کر کے 8 تولا سونا، 6 لاکھ روپے نقد، پانچ موبائل و دیگر قیمتی سامان لوٹ کر باآسانی فرار ہو گئے۔پولیس کو اطلاع دینے پر متعلقہ تھانہ پولیس نے روایتی تفصیلات لے کر تحقیقات شروع کر دی ہے۔ دوسری جانب لاڑکانہ پولیس نے ضلع کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے قتل، اسٹریٹ کرائمز، ڈکیتیوں اور منشیات فروشی جیسے سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب، روپوش و اشتہاری 9 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کرکے مقدمات درج کرلیے ہیں۔ حیدری پولیس نے مطلوب ملزم سعید بھٹو کو کلاشنکوف نما ڈبل فور رائفل اور گولیوں سمیت، مارکیٹ پولیس نے ملزم فیض احمد بروھی کو 1250 گرام چرس سمیت، سول لائنز پولیس نے قتل مقدمے میں روپوش ملزم اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث تین ملزمان رفیق مہر، سہیل میمن اور وقار گاد کو بھنگ سمیت، اللہ آباد پولیس نے دو اشتہاری ملزمان ظفر مگسی اور منٹھار سولنگی کو، ولید نے روپوش ملزم صفدر واہوچو کو اور دڑی پولیس نے ملزم روحل مسیح کو 2 ہزار گرام بھنگ سمیت گرفتار کرلیا ہے۔ایس ایس پی سرفراز نواز کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف ایسے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔