کوئٹہ :نائب امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالکبیر شاکر نے کہاکہ عوام الناس ہڑتالوں ،مسائل ،بدعنوانی اوربدامنی سے نجات کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں جماعت اسلامی مسائل کواجاگر اور حل کیلئے 20فروری کو کوئٹہ میں دھرنادیگی تاکہ لاکھوں شہریوں کو مسائل ومشکلات اور پریشانیوں سے نجات مل سکے کوئٹہ کے لاکھوں عوام بجلی وگیس کی بدترین لوڈشیڈ نگ، پریشرمیں کمی بیشی ،بلوں میں ناجائز ٹیکسز، سٹریٹ کرائمز،رشوت وبدعنوانی کی وجہ سے بہت پریشان ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ دھرنا شہریوں کا دھرنا اور جائز قانونی حقوق کے حصول کیلئے ہوگا۔ارکان وکارکنان اورذمہ داران تیاریاں جاری رکھیں گھر گھر ہر دروازے تک پہنچ کر عوام کو دعوت دیں۔ ان خیالات کااظہارانہو ں نے کوئٹہ میں دھرنے کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہاکہ اسمبلی عوامی مسائل کے حل ،قانون سازی کے بجائے مقتدرقوتوں کی مفادات کا مرکزبن چکاہے ۔عوامی اجتماعی مسائل کو سننے وحل کرنے والا کوئی نہیں ۔ جماعت اسلامی ہی عوامی مسائل حل کرسکتی ہے ۔ اسمبلی میں اختلافات ،حکومت گرانا ،بنا نا سب نظام کی تبدیلی یا عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے چہرے بدلنے چند افراد کونوازنے کیلئے کیاجاتاہے ۔ حق دو تحریک مسائل کوقانونی طریقے سے اجاگراورحل کے بہترین عوامی پلیٹ فارم ہے۔ حق دوتحریک کومولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی اخلاص ونیک نیتی کی وجہ سے عوامی پزیرائی مل رہی ہے حق دو تحریک کے خلاف بے بنیادپروپیگنڈہ بند کیا جائے ۔ نااہل حکمرانوں سے نجات کیلئے جماعت اسلامی عوامی انقلابی جدوجہد کر رہی ہے ۔
قوم جماعت اسلامی کاساتھ دیں تاکہ عدل وانصاف کا اسلامی حکومت قائم ہوجائے بلوچستان کو آبادی کے بجائے رقبے ،فاصلوں ،مسائل ،غربت ،بے روزگاری کی بنیاد پر فنڈزفراہم کیے جائیں۔ بلوچستان میں کئی دہائیوں سے کوئی تبدیلی نہیں آئی ۔ موجودہ وسابقہ نااہل حکومتوں کی وجہ سے غریب عوام کی پریشانیاں ومسائل روزبروزبڑھ رہی ہے ۔غریب عوام سے جینے کا حق چھین لیاگیاہے حکمران مسائل سے غافل ،حکومت وانتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ہر طرف اندھیر نگری ہے ۔ زمینوں پرقبضے، تجاوزات، ٹریفک وبجلی گیس مسائل کی وجہ سے عوام ذہنی مریض بنے ہوئے ہیں دوسری جانب بدترین مہنگائی، غربت اوربے روزگاری نے حالات مزید خراب کیے ہیں، عوام منتخب نمائندوں سے رابطے کی کوشش کرتے ہیں لیکن کوئی سننے، پوچھنے والا نہیں۔جماعت اسلامی دھرنے کے ذریعے کوئٹہ کے لاکھوں شہریوں کی آوازبنے گی حکومت نے اپنی قانونی ذمہ داری پوری نہیں کی تو جماعت اسلامی سخت راستہ اپنائے گی۔ جماعت اسلامی زون ذمہ داران وکارکنان دھرنے کی تیاریوں کے لیے شہریوں سے رابطے تیز کریں تاکہ دھرنا کامیاب ہوجائے اورحکمران وانتظامیہ مسائل حل کرنے کیلئے مجبور ہوجائیں۔