حکومت خصوصی اقتصادی زونز میں صنعت کاری کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔وزیر اعظم

355

فیصل آباد(صباح نیوز)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (FCCI) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا، “حکومت خصوصی اقتصادی زونز (SEZs) میں صنعت کاری کو فروغ دینے کے لیے سرمایہ کاروں کو ترغیب دینے اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ “ہم صنعتوں کو سستی بجلی اور گیس فراہم کرکے ان کی کاروباری لاگت کو کم کرنے کے لیے کوشاں ہیں”۔قبل ازیں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ فیصل آباد کی تاجر برادری پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) کی بنیاد پر شہر میں سٹیٹ آف دی آرٹ ایئرپورٹ، ہسپتال اور تھیم پارک تعمیر کرنا چاہتی ہے تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کر کے انہیں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں، خصوصا ٹیکسٹائل، پولٹری اور آئی ٹی میں سرمایہ کاری پر آمادہ کیا جا سکے۔

صدر ایف سی سی آئی نے ملک میں صنعتوں کی بحالی کے لیے وزیر اعظم کی بھرپور ذاتی دلچسپی اور مثالی تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس سلسلے میں وزیر اعظم کی کابینہ کے وزرا کی طرف سے دی گئی غیر معمولی مدد کا بھی اعتراف کیا۔

وزیراعظم کو یہ بھی بتایا گیا کہ ان کی حکومت کی سرمایہ کاردوست پالیسیوں کی وجہ سے گزشتہ ساڑھے تین سالوں میں ملک میں 1.2 بلین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (FDI) ہوئی۔فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (FIEDMC) میں2018 سے اب تک 282 صنعتیں لگائی گئیں، جبکہ2005 میں اس کے آغاز سے لے کر 2018 تک صرف 25 صنعتیں لگ سکی تھیں۔مزید برآں، ٹائل مینو فیکچرنگ میں 40% درآمدی متبادل (Import Substitution) حاصل ہوا ہے، جبکہ بے بی ڈائپرز کی تیاری کے حوالے سے 60% درآمدی متبادل حاصل ہوا ہے۔اور حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت برآمدات 24 ارب ڈالر سے بڑھ کر 30 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ملک میں تیزی سے صنعت کاری کو فروغ دینے کے لیے کاروباری برادری کی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکن اقدامات کیے جائیں تاکہ لوگوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہو سکیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں صنعت کی بہتری کے لیے یہ تمام اقدامات پی ٹی آئی کے منشور کے عین مطابق ہیں۔انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت کی تمام متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی کہ اس مقصد کے حصول کے لیے سخت محنت کریں۔