عوام کے حق اور جا ئز نمائندہ حکومت کے قیام کیلئے آخری حد تک جائیں گے، مولانا فضل الرحمان

335
مولانا فضل الرحمن کی کال کے بعد ملک بھر کی اہم شاہراہوں پر دھرنا دے دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے اطراف کی سڑکوں پر شدید ٹریفک جام ہوگیا ہے

ڈیرہ اسماعیل خان: پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما و مرکزی ایگزیکٹو کونسل کے ممبر بریگیڈیئر(ر)قیوم شیر محسود ہزاروں ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی کو خیر باد کہہ کر جے یو آئی میں شامل ہو گئے، اس موقع پر لارڈ بینکوٹ ہال میں ایک پر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی کے مرکزی امیر و پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ بریگیڈیئر(ر)قیوم شیر اور انکے ساتھی اپنے گھر میں آئے ہیں ہماری جماعت کا ہر کارکن ان کو پہلے بھی احترام کی نگاہوں سے دیکھتا تھا، آج بھی انتہائی خوشی کا اظہار کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اسلام کی راہ میں ہمیشہ رکاوٹیں کھڑی کی گئیں ہم مل کر ان رکاوٹوں کو دور کرینگے دنیا میں وہی ملک خوشحال ہوتا ہے جس میں انسانی حقوق کا تحفظ ہو اور معاشی خوشحالی ہو اس وقت ہمارے ملک میں یہ دونوں چیزیں نہیں ہیں پارلیمنٹ کے سامنے بچے برائے فروخت کے بینرز لگے ہوتے ہیں، ملک میں اسوقت نالائقوں اور نااہلوں کی حکومت ہے ،ہمارے سلیکٹڈ حکمران مغربی تہذیب کے نمائندے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہودی ایجنڈے پر کام ہورہا ہے، ملک کے مذہبی ماحول کو مغربی تہزیب میں بدلنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جسکی ابتدءا این جی اوز کے ذریعے خیبر پختونخواہ سے کی گئی ہے، ہم نے ڈٹ کر مقابلہ کرکے خیبر پختونخواہ میں اس مکروہ ایجنڈے کو ناکام بنایا۔

انہوں نے کہا کہ میں سیاست میں سینئر ہوں ،میں جس وقت پالیمنٹ کا ممبر تھا، جنرل باجوہ اس وقت فوج میں کپتان تھے، ہمیں سیاست نہ سکھائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانی اور سیاست کا حق دوسرے لوگوں کا ہے، اس سے زیادہ حق علما کا ہے کیونکہ انبیاءکے وارث علماءہیں۔

بعد ازاں مولانا فضل الرحمن نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ لیڈر آف دی اپوزیشن اور آصف زرداری اور بلاول کے درمیان جو ملاقات ہوئی ہے اس ملاقات میں جو باتیں بھی ہوئی ہیں ان پر 11فروری کے پی ڈی ایم کے اجلاس میں غور کیا جائیگا ہم عوام کے حق اور جا ئز نمائندہ حکومت کے قیام کیلئے آخری حد تک جائیں گے، استعفوں اور عدم اعتماد کے آپشنز زیر غور لائیں گے جو جماعتیں پی ڈی ایم میں نہیں انکو بھی انگیج کیا جائیگا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈئر ریٹائرڈ قیوم شیر نے کہاکہ تحریک انصاف میں نہ انصاف ہے اور نہ ہی میرٹ ہے ،میں نے تمام جماعتوں کا تجزیہ کیا مجھے ان سب میں جے یو آئی بہتر اور محب وطن اور کرپشن سے پاک نظر آئی اسی لئے میں نے اس میں شمولیت اختیار ،کی انکی حکومتوں میں ملک بنا ہے خراب نہیں ہوا ۔

تقریب سے مولانا فضل الرحمن نے پشتو میں خطاب کیا۔ تقریب سے مولانا جمال الدین ایم این اے،مولانا عصام الدین ایم پی اے،عدنان شیر،حاجی اختر گل محسود، حاجی سعید انور نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں ڈاکٹر خان شاہ محسود،احمد خان کامرانی، سیف اللہ سیفی،صلاح الدین محسود ایڈوکیٹ ،سردار امتیاز بلوچ اور ملک مشتاق ڈاربھی موجود تھے۔