جماعت اسلامی مسائل کواجاگر اور حل کیلئے 20 فروری کو کوئٹہ میں دھرنا دیگی

434
تبدیلی کے دن گنے جاچکے ہیں،ملک میں نئے انتخابات ہونے چاہیے، رہنما جماعت اسلامی 

کوئٹہ: امیرجماعت اسلامی ضلع کوئٹہ حافظ نورعلی نے کہا کہ ہڑتالوں ،مسائل ،بدعنوانی اوربدامنی سے نجات کیلئے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں جماعت اسلامی مسائل کواجاگر اور حل کیلئے 20فروری کو کوئٹہ میں دھرنادیگی تاکہ لاکھوں شہریوں کو مسائل ومشکلات اور پریشانیوں سے نجات مل سکیں کوئٹہ کے لاکھوں عوام بجلی وگیس کی بدترین لوڈشیڈنگ، پریشرمیں کمی بیشی، بلوں میں ناجائز ٹیکسز، سٹریٹ کرائمز، رشوت وبدعنوانی کی وجہ سے بہت پریشان ہیں۔ کوئٹہ دھرنا شہریوں کا دھرنا اور جائز قانونی حقوق کے حصول کیلئے ہوگا۔ ارکان وکارکنان اورذمہ داران تیاریاں جاری رکھیں گھر گھر ہر دروازے تک پہنچ کر عوام کو دعوت دیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں دھرنے کی تیاریوں کے حوالے سے کارنرمیٹنگز،تقاریب اورپروگرامزسے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر زون امرا حاجی محمد اکرم، جمیل احمدمشوانی ،سلطان محمد کاکڑ، حاجی صدیق اللہ، عبدالمنان ہاشمی، عبدالمجیدسربازی، عبدالستار ابابکی، داروخان خلجی، حافظ عبدالواسع کاکڑبھی موجود تھے۔

حافظ نورعلی نے کہاکہ حکمران مسائل سے غافل ،حکومت وانتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ہر طرف اندھیر نگری ہے۔ زمینوں پرقبضے، تجاوزات، ٹریفک وبجلی گیس مسائل کی وجہ سے عوام ذہنی مریض بنے ہوئے ہیں دوسری جانب بدترین مہنگائی ،غربت اوربے روزگاری نے حالات مزید خراب کیے ہیں،عوام منتخب نمائندوں سے رابطے کی کوشش کرتے ہیں لیکن کوئی سننے ،پوچھنے والا نہیں۔

جماعت اسلامی دھرنے کے ذریعے کوئٹہ کے لاکھوں شہریوں کی آوازبنے گی حکومت نے اپنی قانونی ذمہ داری پوری نہیں کی تو جماعت اسلامی سخت راستہ اپنائیگی ۔جماعت اسلامی زون ذمہ داران وکارکنان دھرنے کی تیاریوں کے لیے شہریوں سے رابطے تیز کریں تاکہ دھرنا کامیاب ہوجائے اورحکمران وانتظامیہ مسائل حل کرنے کیلئے مجبور ہوجائیں