اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ لانگ مارچ اپوزیشن کی سیاسی ضرورت ہے، یہ اپنے مفادات کے تحفظ کیلیے اکٹھے ہوئے ہیں، ان کے نظریات اور سوچ ایک نہیں، جب مفادات پورے ہوگئے تو علیحدہ ہوجائیں گے۔ پیر کو اپوزیشن کے لانگ مارچ کے حوالے سے ایک بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ اپوزیشن احتجاج کرنا چاہتی
ہے تو ضرور کرے ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہمیں کوئی گھبراہٹ نہیں لیکن اپوزیشن ملکی مفادات کو مد نظر رکھے، 22 اور 23 مارچ کو ایک نئی تاریخ رقم ہونے جارہی ہے، او آئی سی وزرا خارجہ کونسل کا 48واں اجلاس اسلام آباد میں ہونے جا رہا ہے جس میں افغانستان، فلسطین اسلام فوبیا سمیت مسلم امہ کو درپیش مسائل پر بات چیت ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم جانتی ہے پی ڈی ایم بنانے والے کون تھے اور پی ڈی ایم توڑنے والے کون ہیں، قائد حزب اختلاف کی ایک سیٹ کیلیے دھوکا کس نے کیا؟ قوم سب جانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں شہباز شریف اور بلاول زرداری سے سوال کرنا چاہتا ہوں کہ کیا ادھر تم، ادھر ہم کا فیصلہ ہو چکا ہے؟ تاثر یہ سامنے آ رہا ہے کہ ن لیگ سندھ میں داخل نہیں ہوگی اور پی پی پنجاب میں چھیڑ چھاڑ نہیں کرے گی، اگر ان دونوں جماعتوں نے ’’ادھر تم ادھر ہم‘‘ کا فیصلہ کرلیا تو ہم دونوں کا مقابلہ کریں گے۔