لاڑکانہ: زہریلا کھانا کھانے سے 17 افراد بے ہوش

250

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) رتودیرو شہر کی شاہ لطیف کالونی میں مبینہ زہریلا کھانا کھانے سے 12 افراد 7 بچے، 3 مرد اور 2 خواتین بے ہوش ہوگئے، جنہیں طبی امداد کے لیے چانڈکا اسپتال لایا گیا، جن میں 28 سالہ محب عاربانی، 25 سالہ صدام، 15 سالہ غلام اللہ، 14 سالہ فرحانہ، 11 سالہ شاہینہ، 7 سالہ عبدالستار، 5 سالہ امجد و دیگر شامل ہیں۔ اس موقع پر متاثرین کے ورثا ثناء اللہ عاربانی نے بتایا کہ شہر میں موجود بن خلیل نامی نجی بیکری سے رات چکن تکے لائے اور کھانا کھایا، کھانے کے بعد سے رات گئے ہی طبیعت بگڑنا شروع ہو گئی تھی، ابتدائی علاج رتودیرو سے کیا لیکن حالت بگڑنے پر اہل خانہ بے ہوش ہونا شروع ہوئے تو لاڑکانہ لائے۔ دوسری جانب قمبر کے علاقہ کی گوپانگ برادری کے 5 افراد مسمات بھوران، جمیلان، وقاص، کامران اور رخسار گوپانگ کو بھی زہریلا کھانے کے باعث حالت غیر ہونے کی وجہ سے ورثا نے چانڈکا اسپتال منتقل کیا، جہاں ان کے ورثا عبدالغفار و دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ ان متاثرین نے بھی لاڑکانہ شہر کے قمبر روڈ پر واقع اسی بیکری سے کھانے پینے کی اشیاء کا استعمال کیا جبکہ متاثرین کا سندھ فوڈ اتھارٹی کو بیکری اشیاء کی تحقیقات کر کے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب نجی بیکری پر زائد المعیاد اشیاء کی خرید فروخت پر سندھ فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے بیکری کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا جہاں صفائی ستھرائی کی خراب صورتحال اور حفظان صحت کے اُصولوں کے منافی خراب اشیاء کے استعمال کا انکشاف ہونے پر ٹیم نے بیکری مالک کو صفائی کے بہتر انتظامات کرنے اور معیاری اشیاء کی فروخت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔