ن لیگ اور پی پی نے فضل لارحمٰن کو مکھی کی طرح نکال دیا،شیخ رشید

310

اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے فضل الرحمن کو مکھی کی طرح نکال دیا، مولانا کوشش کرلیں نہ اپوزیشن استعفے دے گی اور نہ ہی لانگ مارچ کامیاب ہوگاریاست کے خلاف اسلحہ اٹھانے والوں کو معاف نہیں کرنا چاہیے‘دہشت گرد ناکام ہوںگے‘ پاکستان کی عظیم افواج اور سول آرمڈ فورسز کے ادارے انہیں شکست فاش دیں گے۔ و فاقی وزیر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور 72 گھنٹے میں20 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا‘ آپریشن میں قربانیاں دینے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا عمران خان کے دورہ چین پر چیخ رہا ہے‘ بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا‘ بیرون ملک جیلوں میں قید پاکستانیوں کو واپس لانے کی کوشش کر رہے ہیں‘ منی لانڈرنگ کرنے والے فیٹف کے اصل مجرم ہیں‘ بلاول کو میں نے کبھی سلیکٹڈ نہیں کہا، فضل الرحمن کو پی پی اور ن لیگ نے مکھی کی طرح نکال باہرکیا‘ ایک دوسرے کو برا بھلا کہنے والے مفادات پر یکجا ہو رہے ہیں‘ اپوزیشن کی دلچسپی لانگ مارچ میں نہیں بلکہ میڈیا میں زندہ رہنا ہے۔ پہلے یہ استعفادے رہے تھے اب لانگ مارچ کر رہے ہیں۔ شیخ رشید احمد نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کہا کہ پاکستان پر اندر سے دبائو بڑھایا جا رہا ہے اور پاکستان کا ایک ایسا ماحول دکھایا جا رہا ہے کہ جیسے یہاں دہشت گردی کی فضا زیادہ ہے‘ پہلے بھی ہم نے دہشت گردوں کو شکست دی ہے اور پاکستان کی عظیم افواج نے دہشت گردوں کے عزائم نوشکی، پنجگور اور تربت میں کامیاب نہیں ہونے دیے‘ ہمارے طالبان سے تعلقات اچھے ہیں اور مزید اچھے ہونے چاہئیں۔