انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں نے چین اور مصر کو قریب کردیا

224

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) مصر اور چین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے باعث عالمی مخالفت نے دونوں ممالک کو قریب کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے مصری ہم منصب عبدالفتاح سیسی کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ چین اور مصر مفادات کے تحفظ کے لیے مشترکہ حکمت عملی کے حامی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین و عرب، چین و افریقا اور چین و ترقی پزید ممالک کے درمیان وسیع تر اشتراک عمل یک جہتی کی علامت ہے۔ مصر میں صدر سیسی کے دور حکومت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مغربی ممالک کی تنقید کے تناظر میں قاہرہ حکومت نے مغربی دنیا سے قدرے دوری اختیار کی ہے اور چین کے ساتھ قربت اسی کا نتیجہ ہے۔ چینی صدر شی جن پنگ نے سیسی سے ملاقات میں کہادونوں ممالک اہم امور اور مفادات کے تناظر میں ایک دوسرے کی حمایت اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ یاد رہے کہ مصر میں منتخب صدر محمد مرسی کو برطرف کر کے اقتدار پر قبضہ کرنے والے جنرل سیسی نے اخوان المسلمون کے خلاف وسیع تر کریک ڈاؤن کیا تھا،جس کے باعث مصر کو بین الاقوامی سطح پر تنقید کا سامنا رہا ۔ اس کے علاوہ 2017 ء میں قاہرہ کی ازہر یونیورسٹی سے درجنوں ایغور طلبہ کو گرفتار کر کے چین بھیج دیا گیا تھا اور اس طرح قاہرہ حکومت سنکیانگ میں مسلمانوں پر مظالم میں برابر کی شریک رہی۔