کشمیر پاکستان بن کر رہے گا ،امیر جماعت اسلامی سانگھڑ

195

سانگھڑ(نمائندہ جسارت) پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے ، عالمی قوتیں کشمیر میں مسلمانوں پر مظالم بند کرائیں ، کشمیر پاکستان بن کر رہے گا ۔ان خیالات کا جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ کے امیر رفیق منصوری ،نائب امراء ضلع محمد طفیل، ظہیرالدین جتوئی بابر و دیگر نے پریس کلب پر یومِ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں نکالی جانے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور برِصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈہ ہے ہندوستان ظلم و جبر اور طاقت کے بل بوتے پر کشمیر کو ہندوستان کا حصہ بنانا چاہتا ہے بھارت نے کشمیری مسلمانوں جوانوں پر ظلم کی حد کررکھی ہے اور دنیا کے چودھریوںاور اقوام متحدہ نے کشمیر سے اس لیے آنکھیں بند کررکھی ہے کہ کشمیر میں بسنے والے مسلمان ہیں۔بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم وبربریت کی انتہا اور جنت نظیر وادی کشمیر کو جہنم میں بدل دیا ہے۔مسلسل کرفیو اور نوجوانوں کو گھروں سے اٹھا کر شہید کرنے کے واقعات پر عالمی ضمیر اور حقوق انسانی کی تنظیموں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ بھارت تمام ظلم و ستم اور اشتعال انگیز ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری عوام سے امن پسندی، جذبہ حریت اور شوق شہادت ختم نہیں کرسکا ہے۔ کشمیر کو بانی پاکستان قائد اعظم نے شہ رگ قرار دیا تھا اس لیے کشمیر کی آزادی کے بغیر تکمیل پاکستان نامکمل ہے۔ اہلیان پاکستان کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔عوام کی جدوجہد اور شہدائے کشمیر کی قربانیوں کے نتیجے میں ایک دن وادی کشمیرپر آزادی کا سورج طلوع ہوکر رہے گا۔