کراچی (اسٹاف رپورٹر) ن لیگی رہنما عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ نواز شریف کی پہلی میڈیکل رپورٹ حکومت نے بنائی، جس سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، ہم نے کبھی نہیں کہا نواز شریف چلنے پھرنے سے قاصر ہیں، نواز شریف واپسی کی ٹھان لیں تو انہیں کوئی نہیں روک سکتا،شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کو دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی، ہم چاہتے ہیں کہ سیاسی قربتیں بڑھیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ائر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔عطا
اللہ تارڑ نے کہاکہ یوم یکجہتی کشمیر کے لیے کراچی آیا ہوں،74 برس سے بھارت کی جرات نہیں تھی کہ وہ کشمیر کو اپنی ریاست ڈکلیئر کرتا لیکن اس حکومت میں ایسا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ساڑھے 3 سال میں موجودہ حکومت نے کوئی میگا پروجیکٹ نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے لاہور کا امن بھی خراب کردیا۔ پی ٹی آئی حکومت نے عوام کو بڑے سبز باغ دکھائے تھے، انہوں نے توکسان کو کھاد سے ہی محروم کردیا۔