کوئٹہ ‘ کوئلے کی کان میں دھماکا‘4 کانکن جاں بحق

109

 

کوئٹہ(نمائندہ جسارت‘آن لائن ) کوئٹہ میں کوئلے کی کان میں دھماکا،4 کانکن جاں بحق جبکہ4 زخمی بھی ہوئے۔مائنز انسپکٹر محمد عاطف کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سرہ غڑگئی زرغون غر میں منگل ڈیم کے قریب کوئلے کی کان میں میتھین گیس کی مقدار زیادہ جمع ہونے سے دھماکا ہوا اور آگ کے شعلے بلند ہوئے۔ دھماکے کے بعد کان کا کچھ حصہ بیٹھ گیا اور 8 کانکن3 سو فٹ کی گہرائی میں پھنس گئے،کانکنوں نے امدادی سرگرمیوں میں تاخیر کی شکایت بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ ضروری آلات نہ ہونے سے امدادی کارروائی میں حصہ لینے والے2 کانکن بے ہوش بھی ہوئے،ہمیں 3 بجے اطلاع ملی اور ساڑھے 4 بجے ٹیم موقع پر پہنچی۔3سو فٹ کی گراہی سے 8کانکنوں کو نکالا جن میں سے 4کو زندہ ریسکیو کرکے سول اور بولان میڈیکل اسپتال منتقل کردیا ۔علاوہ ازیںوزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئلہ کان حادثے پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ امدادی سرگرمیوں کو موثر بنایا جائے اور زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ کانکنوں کی تنظیم کے رہنما کا کہنا ہے کہ حادثات کی بڑی وجہ کان مالکان کی بے رحمی ہے،جو حفاظتی انتظامات پر توجہ نہیں دیتے۔ ان کا کہنا تھا کہ کان کو بند کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔