پشاور زلمی کی فتح،کراچی کنگز کو مسلسل چوتھی شکست

214

کراچی (رپورٹ سید وزیر علی قادری) پاکستان سپر لیگ کے 7ویں ایڈیشن میں بابر اعظم کی 90 رنز کی اننگز کے باوجود کراچی کنگز کو مسلسل چوتھی شکست کا سامنا کرناپڑا، پشاور زلمی نے 9 رنز سے فتح حاصل کرلی۔شعیب ملک کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ پشاور زلمی کے 174 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی
ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بناسکی۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم نے پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پشاور نے مقررہ 20 اوورز میں4 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے، شعیب ملک 52 رنز بناکر نمایاں رہے۔کراچی کنگز کے خلاف پشاور زلمی کا آغاز اچھا رہا ور ٹیم نے 6 اوورز کے اندر ہی بغیر کسی نقصان کے 50 رنز مکمل کیے تاہم 53 رنز کے مجموعی اسکور پر سیٹ بیٹر حضرت اللہ 27 گیندوں پر 41 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔زلمی کو دوسرا نقصان کامران اکمل کی صورت میں اٹھانا پڑا ، وہ 21 رنز بناسکے۔اس کے علاوہ حیدر علی بھی 16 رنز بناکر پویلیں لوٹے۔3 وکٹیں گرنے کے بعد شعیب ملک نے ذمے درانہ بیٹنگ کی اور مقررہ 20 اوورز میں ٹیم کا اسکور 173 رنز تک لے گئے۔انہوں نے 52 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔اس کے علاوہ بین کٹنگ 24 رنز بناسکے۔کراچی کی جانب سے عمید آصف نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔174 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کا آغاز بالکل اچھا نہ رہا، صرف 3 رنز پر 2 کھلاڑی پویلین لوٹے، شرجیل خان اور صاحبزادہ فرحان صفر پر آؤٹ ہوئے۔2 وکٹیں گرنے کے بعد بابر اور این کوکبین کے درمیان 74 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی تاہم وہ بھی میچ نہ جتوا سکی، کوکبین31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اس کے علاوہ محمد نبی 10 اور عامر یامین 20 رنز بناکر پویلین لوٹے تاہم دوسرے اینڈ سے کپتان بابر کھڑے رہے لیکن پھر بھی ٹیم کو ایونٹ میں پہلی کامیابی نہ دلواسکے، وہ 90 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔زلمی کی جانب سے محمد عمر نے 3 جبکہ شعیب ملک ، حسین طلعت اور عثمان قادر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔پوائنٹس ٹیبل کی بات کی جائے تو مسلسل 4 میچز جیتنے والی ملتان سلطانز کی ٹیم پہلے اور اسلام آباد کی ٹیم دوسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ لاہور قلندرزکا تیسرا اور زلمی کا چوتھا نمبر ہے۔