لاہور (جسارت نیوز) محمد حسنین کا بولنگ ایکشن ٹیسٹ 21جنوری کو لاہور میں واقع آئی سی سی سے ایکریڈیٹڈ لیب میں کیا گیا ، جس کا جائزہ لینے کے بعد کرکٹ آسٹریلیا کے ماہرین نے فاسٹ بولر کے بولنگ ایکشن کو غیرقانونی قرار دیا ہے۔ اس حوالے سے پی سی بی کا بیان مندرجہ ذیل ہے۔پی سی بی کو کرکٹ آسٹریلیا سے محمد حسنین کے بولنگ ایکشن کی ایک مفصل جائزہ رپورٹ آج موصول ہوئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ گڈ لینتھ اورفل لینتھ ،بائونسر اور سلو بائونسر کی ڈیلیوریز پھینکتے وقت ان کے بازو کا خم 15 ڈگری کی حد سے تجاوز کررہا ہے۔اس رپورٹ کا جائزہ لینے اور اپنے بولنگ ماہرین سے تبادلہ خیال کرنے کے بعد پی سی بی کو یقین ہے کہ فاسٹ بولر کے بولنگ ایکشن میں یہ مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔ پی سی بی اب ایک بولنگ کنسلٹنٹ کا تقرر کرے گا جو محمد حسنین کے ساتھ کام کرے گا تاکہ وہ اپنے بولنگ ایکشن کو درست کر سکیں اور دوبارہ جانچ کے لیے تیار ہوں۔محمد حسنین پاکستان کا اثاثہ اور ان چند بولرز میں شامل ہیں جو تسلسل سے 145کلومیٹر کی رفتار سے گیند پھینکتے ہیں۔ لہذا پی ایس ایل 7 کی ٹیکنیکل کمیٹی کی سفارش پرپی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ محمد حسنین کو پاکستان سپر لیگ میں مزید شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔غیر قانونی بولنگ ایکشن قوانین کے تحت اب جب تک محمد حسنین دوبارہ اپنے بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ کلیئر نہیں کرلیتے، وہ بین الاقوامی کرکٹ میں بھی بولنگ سے معطل رہیں گے۔