قرض لینے کا تاریخی ریکارڈ خطرناک ہے، مریم اورنگزیب

193

اسلام آباد (آن لائن) مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قرض لینے کا تاریخی ریکارڈ خطرناک ہے، عمران خان نے ہر پاکستانی کو مقروض بنا دیا، ڈر ہے کہیں خودکشی ہی نہ کرلیں۔ اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب مسلط ہونے کے بعد ہر پاکستانی پر واجب الادا قرض میں 50 فیصد اضافہ ہوا۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں لیے گئے کل قرض کا 70 فیصد عمران صاحب نے لیا، ان کی وجہ سے ہر پاکستانی 58 ہزار سے بڑھ کر ایک لاکھ 79 ہزار روپے کا مقروض ہو چکا، 2 کروڑ 20 لاکھ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیے گئے، ان میں میں سے ایک کروڑ 40 لاکھ بچے ہیں، وزیر خزانہ نے بڑی خوشی سے ایک ارب ڈالر مقروض ہونے کا اعلان کیا۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سوال یہ ہے کہ عمران صاحب نے قوم پر جو قرض لادا ہے، یہ کون ادا کرے گا؟ پاکستان سب سے زیادہ مقروض، لیکن عمران خان کا بنی گالہ کا محل ریگولرائز ہوگیا۔ خودکشی کرنے کا ہی سوچ لیں، شاید کامیابی ہو جائے اور عوام کو سکون آ جائے۔