توقع ہے کہ ایران اور سعودی عرب کا تعاون عالم اسلام کے مسائل کے حل میں مدد کرے گا،ایرانی وزیر خارجہ

234

تہران : ایران کے وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے کہ توقع ہے کہ ایران اور سعودی عرب کا تعاون عالم اسلام کے مسائل کے حل میں مدد کرے گا،ایرانی میڈیا کے مطابق وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے او آئی سی کے سکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہ سے ٹیلی فونک گفتگو میں اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ایران اور سعودی عرب علاقے اور عالم اسلام کے دو اہم ممالک ہیں اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ملکوں کا تعاون خطے اور عالم اسلام کے مسائل کے حل میں مدد گار ثابت ہوگا ۔

اس گفتگو میں ایرانی وزیرخارجہ نے عالم اسلام اور امت اسلامیہ کے مسائل پر بات چیت کے دوران ایران اور او آئی سی کے درمیان دوطرفہ اور چند جانبہ تعلقات اور تعاون نیزجدہ میں ایران کے نمائندہ دفتر کو دوبارہ کھولے جانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا اور علاقے کے بعض اہم مسائل پر بھی خاص طور پر گفتگو کی – ایرانی وزیرخارجہ نے جدہ میں او آئی سی ہیڈکوارٹر میں ایران کے نمائندہ دفتر کو دوبارہ کھولے جانے کے تعلق سے تنظیم کے سکریٹری جنرل کی کوششوں کی تعریف کی -اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے سکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہ نے بھی اس ٹیلی فونی گفتگو میں جدہ میں او آئی سی کے ہیڈکوارٹر میں ایران کے نمائندہ دفتر کے دوبارہ کھلنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم میں ایران کا کردار جو اس تنظیم کا بانی رکن ملک ہے انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ او آئی سی سبھی رکن ملکوں کی شراکت اور تعاون کے بغیر عالم اسلام کے مسائل کو حل نہیں کرسکتی اور ہم سبھی رکن ملکوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اس تنظیم کی مدد کریں -او آئی سی کے سکریٹری جنرل نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان مذاکراتی عمل کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی ملکوں کے درمیان اختلاف افسوسناک ہے اور یہ تنظیم سبھی مسلم ملکوں کو امن وصلح اور دوستی کی دعوت دیتی ہے۔

ایران کے وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اسی طرح جاپان کے وزیرخارجہ سے بھی ٹیلی فونک گفتگو میں باہمی دلچسپی کے امور اور اہم دوطرفہ علاقائی اور عالمی مسائل پر بات چیت کی انہوں نے اپنے جاپانی ہم منصب سے اپنی گفتگو میں مختلف میدانوں میں ٹوکیو کے ساتھ تہران کے تعاون میں توسیع کی ضرورت پر زور دیا -جاپانی وزیرخارجہ یوشیماسا ھایاشی نے بھی ایران اور جاپان کے تعلقات کو تاریخی اور دیرینہ قراردیتے ہوئےدونوں ملکوں کے درمیان پہلے سے بھی زیادہ اقتصادی تعلقات کی توسیع پر تاکید اور کہا کہ اس راہ میں حائل سبھی رکاوٹوں کو دور کیاجائے گا – جاپانی وزیرخارجہ نے ایران کے وزیرخارجہ کو ٹوکیو کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔