لاہور: حکومت پنجاب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی رپورٹس کا جائزہ لینے کےلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا۔محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق میڈیکل بورڈ کا سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عارف ندیم کو مقرر کیا گیا ہے، یہی بورڈ پہلے سے نواز شریف کی صحت کی رپورٹس کا جائزہ لے رہا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اٹارنی جنرل آفس کے لیٹر پر محکمہ داخلہ پنجاب نے میڈیکل بورڈ کی تشکیل کے لیے دستاویزات محکمہ صحت کو بھجوائی ہیں۔ سیکریٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ میڈیکل بورڈ کو ہائی کورٹ میں جمع ہونے والی دستاویزات بھجوائے گا۔ذرائع محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا ہے کہ 9 رکنی بورڈ 5 دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔
امریکی ڈاکٹر فیاض شال نے نواز شریف کی صحت سے متعلق لاہور ہائی کورٹ میں 28 جنوری کو نئی دستاویز جمع کرائی تھی۔محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پنجاب حکومت کے قائم کردہ میڈیکل بورڈ کو نواز شریف کی صحت سے متعلق نئی دستاویز بھیجوا دی گئی ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا ہے کہ پنجاب حکومت کے قائم کیے گئے میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی مزید رپورٹس طلب کی تھیں۔محکمہ داخلہ پنجاب کا یہ بھی کہنا ہے کہ اٹارنی جنرل آفس کی جانب سے ملنے والے خط میں کہا گیا ہے کہ نئی دستاویزات پر بورڈ سے رائے لی جائے