کراچی: سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے قریب بم کی اطلاع جھوٹی نکلی، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے عمارت کو کلیئر قرار دے دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے قریب بم کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی دوڑیں لگ گئیں، جگہ جگہ ناکہ بندی اور چیکنگ کے علاوہ سپریم کورٹ کی جانب جانے والی تمام شاہراہوں کو عام ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ایک فون کال ریسیو ہوئی تھی، جس میں سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے قریب بم کی اطلاع ملی تھی، اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی بھاری نفری اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ متعلقہ جگہ پہنچ گیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ہر جگہ چیک کرنے کے بعد عمارت کو کلیئر قرار دے دیا۔
ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا کہ ممکن ہے کسی نے شرارت کی ہو یا خوف و ہراس پھیلانے کے لئے غلط اطلاع دی ہو، اطلاع دینے والے شخص کو پکڑنے کے لئے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔