لاہور: کرکٹ آسٹریلیا نے اپنی ٹیم کو دورہ پاکستان پر بھیجنے کی منظوری دیدی ہے، تاہم دورہ کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کے دورے کی منظوری آج ہونے والی بورڈ میٹنگ میں دی گئی، چیف ایگزیکٹیو کرکٹ آسٹریلیا نک ہاکلے نے کہا کہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم پاکستان جا رہی ہے، آسٹریلیا کی ٹیم 24 سال میں پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی، دورہ کھیل کی ترقی اور اس کی مضبوطی کے لیے اہم ہے۔
چیف ایگزیکٹیو نک ہاکلے نے کہا کہ پی سی بی اور دونوں ممالک کی حکومتوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، دو ورلڈ کلاس ٹیموں کے درمیان دلچسپ سیریز کے منتظر ہیں۔ انہوں نے ٹور کی منصوبہ بندی کرنے پر کرکٹرز ایسوسی ایشن، کھلاڑیوں، کوچز، سپورٹ اسٹاف اور سکیورٹی ایکسپرٹ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔
دوسری جانب ٹور کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے، میچز کے مقامات میں تبدیلی یوم پاکستان کی ریہرسل اور لاجسٹک مسائل کے باعث کی گئی، پاکستان اور آسٹریلین کرکٹ بورڈز کی ہاہمی مشاورت سے دورے کا نیا شیڈول بھی جاری کردیا گیا ہے۔ جس کے بعد پہلا ٹیسٹ میچ 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 12 سے 16 مارچ تک کراچی میں ہوگا جبکہ تیسرا ٹیسٹ 21 سے 25 مارچ تک لاہورمیں کھیلا جائے گا۔
پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان 3 ون ڈے میچز اور ایک ٹی 20 میچ راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے، پہلا ون ڈے 29 مارچ، دوسرا 31 مارچ اور تیسرا 2 اپریل کوکھیلا جائے گا۔ مہمان ٹیم 5 اپریل کو سیریز کا واحد ٹی 20 میچ کھیل کر وطن واپس روانہ ہوجائے گی۔