ونٹر اولمپکس کا میلہ آج سے چین میں سجے گا

460
بیجنگ: میزبان ملک کا دستہ ونٹر اولمپکس کی شمع اٹھائے گرائونڈ میں داخل ہورہاہے

بیجنگ(جسارت نیوز)24ونٹر اولمپکس کا میلہ آج سے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں سجے گا، چین پہلی بار ونٹر اولمپکس کی میزبانی کر رہا ہے۔ونٹر اولمپکس میں 91ممالک شریک ہیں، ان ملکوں کے 2ہزار 871اتھلیٹس مختلف مقابلوں میں حصہ لیں گے۔پندرہ کھیلوں میں مختلف طرز کے 109مقابلے ہوں گے۔ ونٹر مقابلے چار فروری سے 20فروری تک جاری رہیں گے۔ بیجنگ کے علاوہ یانگ کنگ اور چونگ لی میں بھی مختلف مقابلے ہوں گے۔ونٹر اولمپکس میں ناروے سب سے آگے ہے۔ ناروے نے 132گولڈ، 125سلور اور 111برونز میڈل جیت رکھے ہیں۔ دوسرا نمبر امریکا کا ہے جس نے 105گولڈ، 112سلور اور 88برونز میڈل اپنے نام کر رکھے ہیں۔ جرمنی کے اتھلیٹس تیسرے نمبر پر ہیں جنہوں نے 92گولڈ ، 88سلور اور 60برونز میڈل اپنے نام کئے ہیں۔بوسنیا ہرزیگوینا کے ایک سینئر عہدیدار نے اپنے پختہ اعتماد کا اظہار کیا کہ بیجنگ سرمائی اولمپکس 2022 جو رواں ماہ چین میں شیڈول ہیں کورونا وائرس وبائی امراض سے درپیش چیلنجوں کے باوجود کامیابی سے منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ چینی قیادت کی ذمہ داری اور قابلیت کی بدولت ہی ہوگا۔ بوسنیا ہرزیگوینا ( بی آئی ایچ )کی وزرا کونسل کے چیئرمین زوران ٹیگلٹیجا نے چینی سفیر بی ایچ جی پنگ سے ملاقات کے دوران کہاوہ پر اعتماد ہیں کہ کورونا وائرس کی وبا کے پھیلائو سمیت درپیش چیلنجزکے باوجودچین میں رواں ماہ شیڈول سرمائی اولمپک گیمز کا انعقاد کامیابی کے ساتھ ہوگا۔انہوں نے اس مقصد میں کامیابی کے حوالے سے چین کے لئے اپنی نیک تمنائیں اور خواہشات کا اظہار کیا۔ زوران ٹیگلٹیجا بیجنگ سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت بھی کریں گے۔ زوران ٹیگلٹیجا نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ بیجنگ سرمائی اولمپکس میں شرکت کرنے والے بوسنیا ہرزیگوینا کے ایتھلیٹس عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے ۔واضح رہے کہ بیجنگ سرمائی اولمپکس میں بوسنیا ہرزیگوینا کے چھ کھلاڑی الپائن سکیئنگ، کراس کنٹری سکیئنگ اور لوج مقابلوں میں پنجہ آزمائی کریں گے۔