پشاور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ ہمارے حکمران عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی غلامی میں فخر محسوس کرتے ہیں۔
پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ سینیٹ میں اسٹیٹ بینک بل پر مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے ٹھپہ لگایا، پاکستان میں جمہوریت کے نام پر کچھ خاندانوں کی حکومتیں ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ حکمران امریکا کے ایجنٹ ہیں اور ان کے اشاروں پر چل رہے ہیں، ملک میں 22 کروڑ عوام اللہ پر یقین رکھتے ہیں لیکن پھر بھی نظام غیر اللہ کا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ معیشت میں سود، عدالتوں میں انگریز اور تعلیمی اداروں میں میکالے کا نظام رائج ہے، 74 سالوں میں ایک دن بھی ملک میں اسلامی نظام رائج نہیں رہا۔
انہوں نے کہا کہ جب تک ملک میں اللہ کا دین نافذ نہ ہو ہم سب ورلڈ بینک کے غلام رہیں گے۔