زیر التوا مقدمات کا بوجھ کم کرنا ہے،وکلاء تیاری کرکے آئیں،عمر عطا بندیال نے چیف جسٹس کا حلف اٹھالیا

289
اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی جسٹس عمر عطا بندیال سے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لے رہے ہیں

اسلام آباد( آن لائن ) جسٹس عمرعطا بندیال نے پاکستان کے 28 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔ایوان صدر میں چیف جسٹس آف پاکستان کی تقریب حلف برداری منعقد ہوئی جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس عمرعطا بندیال سے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف لیا۔تقریب میں وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزراء اور عدالت عظمیٰ کے ججز کے علاوہ مسلح افواج کے سربراہان اور وکلاء سمیت اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال حلف برداری کے بعدعدالت عظمیٰ پہنچنے تو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے چیف جسٹس کو گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ اسٹاف نے چیف جسٹس پاکستان کو مبارکباد پیش کی۔ چیف جسٹس پاکستان حلف اٹھانے کے بعد مقدمات کی سماعت کے لیے کمرہ عدالت پہنچے تو وکلا کی جانب سے جسٹس عمر عطا بندیال کو مبارکباد پیش کی گئی۔چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ جج اور وکلا ایک خاندان ہے، خوش قسمتی ہے ہماری بار بڑی زبردست ہے ۔چیف جسٹس نے اس موقع پر کہا کہ زیر التوا مقدمات کا بوجھ کم کرنا ہے،وکلا تیاری کرکے آئیں، التوا سے گریز کریں۔ جسٹس عمر عطا بندیال 17 ستمبر 1958 کو لاہور میں پیدا ہوئے اور اپنی ابتدائی تعلیم پاکستان سے حاصل کی جب کہ امریکا میں کولمبیا یونیورسٹی سے معاشیات کی ڈگری حاصل کی اور برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری لینے کے بعد بیرسٹر بن گئے۔جسٹس عمر عطا بندیال نے 1983 میں لاہور ہائی کورٹ میں بطور ایڈووکیٹ کام کا آغاز کیا اور 2004ء کو لاہور ہائی کورٹ کے جج کے عہدے پر فائز ہوئے۔جسٹس عمر عطا بندیال نے 2007ء میں پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کردیا تھا۔جسٹس عمر عطا بندیال 63 سال کی عمر میں 2 فروری 2022 سے 16 ستمبر 2023 تک ایک سال 6 ماہ اور 25 دن کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان رہیں گے ۔