وزیر اعظم آج 4 روزہ دورے پر چین روانہ ہوں گے

154

اسلام آباد(اے پی پی)وزیر اعظم عمران خان چینی قیادت کی خصوصی دعوت پر سرمائی اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے 3سے 6 فروری 2022 ء تک چین کا دورہ کریں گے۔ کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ سرکاری حکام سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہوگا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان، صدر شی جن پنگ اور چینی وزیر اعظم لی چیانگ سے ملاقات کرینگے۔ پاکستان اور چینی رہنما ملاقاتوں میں سی پیک سمیت مستحکم تجارتی اور بالخصوص اقتصادی تعاون سمیت دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوں کا جائزہ لیں گے۔ پاکستانی اور چینی رہنما اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی وسیع پیمانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیر اعظم بیجنگ میں چین کے ممتاز کاروباری رہنمائوں اور چین کے سرکردہ تھنک ٹینکس، تعلیمی اداروں اور میڈیا کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ بیجنگ جلد ہی اولمپک گیمز کے موسم گرما اور سرما دونوں ایڈیشن کی میزبانی کرنے والا پہلا شہر بن جائے گا۔ وزیر اعظم کے دورے کے دوران متعدد ایم او یوز اور معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے دورہ چین کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان کا دورہ چین دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں مددگار ثابت ہو گا۔