لبنان کے وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ اس نے حالیہ برس کے سب سے بڑے کریک ڈاؤن میں کم از کم 17 اسرائیلی جاسوس نیٹ ورکس کو بے نقاب اور اس کے وابستہ 21 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق قائم مقام وزیر اطلاعات عباس حلبی نے بتایا کہ وزیر داخلہ بسام مولوی نے کابینہ کو آگاہ کیا کہ سیکیورٹی فورسز نے اسرائیل کے لیے کام کرنے والے 17 جاسوسی نیٹ ورکس پر قابو پالیا ہے۔
خیال رہے کہ ہمسایہ ممالک لبنان اور اسرائیل ابھی تاحال حالت جنگ میں ہیں۔ عباس حلبی نے اسرائیلی نیٹ ورکس میں کام کرنے والے افراد کی تعداد بتائے بغیر کہا کہ یہ ’مقامی اور علاقائی طور پر‘ کام کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ گرفتاریاں لبنان کی اندرونی سیکیورٹی فورسز (آئی ایس ایف) کی جانب سے کی گئی کارروائی کا حصہ تھیں۔ پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بیری نے آپریشن کو ’شاندار کامیابی‘ قرار دیا۔