اقتصادی سفارتکاری کے مثبت نتائج آرہے ہیں ،شاہ محمود قریشی

191

اسلام آباد(اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پیر کو وفاقی سرمایہ کاری بورڈ کا دورہ کیا اور چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ محمد اظفر احسن سے ملاقات کی۔ سیکرٹری بورڈ آف انوسٹمنٹ ، مس فارینہ مظہر، ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل بی او آئی ، مکرم جاہ انصاری،ایڈیشنل سیکرٹری بی او آئی خشی الرحمان، ڈائریکٹر جنرل ثریا جمال اور وزارتِ خارجہ کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہماری حکومت اقتصادی ترجیحات پر توجہ
مرکوز کیے ہوئے ہے۔ پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے کوشش کررہے ہیں،ہماری اقتصادی سفارت کاری کے مثبت اور حوصلہ افزا نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ حکومت کے اقتصادی ایجنڈے کی تکمیل اور معاشی اہداف کے حصول کے لیے وزارتِ خارجہ، سرمایہ کاری بورڈ کے ساتھ مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے اور ممکنہ معاونت کی فراہمی کے لیے پر عزم ہے۔علاوہ ازیں انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت اقتصادی سفارت کاری ،علاقائی روابط کے فروغ اور خطے میں قیام امن جیسی اہم ترجیحات پر عمل پیرا ہے۔وزیر خارجہ بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین بھی ہیں۔سیکرٹری خارجہ سہیل محمود ،سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی ، ایڈیشنل سیکرٹری پبلک پالیسی، ڈاکٹر اسرار حسین، ماہرین بین الاقوامی امور، ڈاکٹر رفعت حسین اور ڈاکٹر صائمہ ملک سمیت دیگر بورڈ ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔انسٹیٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کے صدر ایمبیسڈر ندیم ریاض نے انسٹیٹیوٹ کے تاریخی پس منظر اور کارکردگی کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی۔