لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) شہر کے تھانہ سول لائن کی حدود رسول آباد محلہ میں خواجہ سراؤں کے 2 گروپوں میں خیرات لینے کے معاملے پر کشیدگی کے بعد الزام کی زد میں آنے والے خواجہ سراؤں نے پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا، جہاں انہوں نے تالیاں بجاکر اور گیت گاکر نعرے بازی بھی کی۔ اس موقع پر خواجہ سراء تلاش میرانی، امبرین چانڈیو، مہوش کھاوڑ و دیگر نے الزام عائد کیا کہ خواجہ سراء تنو جان عرف تنویر مگسی جینا محال کرکے ہمیں خیرات مانگنے سے منع کر رہا ہے جس نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ہم پر حملہ کرکے ہمارے خواجہ سرائے امبرین چانڈیو کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے خلاف تھانہ سول لائن میںشکایت کی لیکن پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی جو ظلم اور زیادتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تنو جان عرف تنویر مگسی کے خلاف کارروائی کرکے تحفظ فراہم کیا جائے۔