وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ اپوزیشن کے 10 سے 15 لوگ عمران خان کے ساتھ ہیں کیونکہ اپوزیشن اندر سے عمران خان کے ساتھ ملی ہوئی ہے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ سب کو معلوم ہو چکا ہے سینیٹ سے بھی بل منظور ہو جاتا ہے اور میں نے کہا تھا فنانس بل سینیٹ سے منظور ہو جائے گا۔
وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ کابينہ ميں ايمرجنسی يا صدارتی نظام کی کوئی بات نہيں ہوئی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے ہماری جان اُسی وقت چھوٹے گی جب معيشت مضبوط ہوگی اور ملک کا پيسہ لوٹنے والے قانون کے کٹہرے ميں آئيں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آئی ايم ايف کے پاس جانے کا شوق نہيں، مجبوری ہے اور چين کو ہمارے آئی ايم ايف کے پاس جانے پر کوئی اعتراض نہيں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 3 فروری کو وزیر اعظم عمران خان چین کا دورہ کریں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ امریکا اور چین سے تعلقات مساوی بنیاد پر ہوں گے لیکن امريکا ايک طاقت ہے اور کسی کو خوش کرنے کے لیے تعلقات خراب نہيں کرسکتے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ نہ دھرنے میں کچھ ہوگا اور نہ لانگ مارچ میں کچھ ہوگا، بلاول شوق سے آئے، اسلام آباد کا موسم ابرآلود نہيں ہوگا اور 23 مارچ والے بھی شام کو آجائيں۔ ساڑھے 3 سال میں اپوزیشن کو کوئی کامیابی نہیں ہوئی۔
شیخ رشید نے کہا کہ مجھ سے کسی نے بات نہیں کہ کوئی وزارت تبدیل ہوگی اور اگر مجھ سے وزارت تبدیل ہونے کی بات ہوئی تو سفارشات پیش کروں گا۔
وزیر داخلہ کا کہا تھا کہ افغانستان میں بڑھتے معاشی حالات سے آگاہ ہیں اور پوری دنیا کو افغانستان کی مدد کرنی چاہیے.