پشاور/اسلام آباد(صباح نیوز+اے پی پی) پشاور میں اتوار کو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک پادری ولیم سراج موقع پر ہلاک جبکہ ان کے ساتھی پیٹرک زخمی ہو گئے۔گل بہار پولیس اسٹیشن نے بتایا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ پشاور میں رنگ روڈ پر واقع مدینہ مارکیٹ کے پاس دوپہر ڈیڑھ بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب دونوں پادری شہیدان آل سینٹ چرچ میں عبادات ختم ہونے کے بعد گھر جا رہے تھے۔ چرچ آف پاکستان کے بشپ سرفراز پیٹر نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی قرار دیا اور کہا کہ مسیحی برادری دہشت گردی کے خلاف مکمل طور پر متحد اور کمر بستہ ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی خیبرپختونخوا پولیس کو فائرنگ کے واقعے میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کے لیے ضروری کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے پادری کے قتل پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مقتول کے اہل خانہ اور پورے صوبے کی مسیحی برادری سے تعزیت کی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی اور چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمو د اشرفی نے فائرنگ کے واقعے پر شدید مذمت اور افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے بشپ چرچ آف پشاور چیئرمین چرچ آف پاکستان سے رابطہ کیا اور اپنے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہاکہ ہم دکھ کی اس گھڑی میں مسیحی برادری کے ساتھ ہیں ۔